اقامتی اسکولوں کی کشادگی کیلئے ہائیکورٹ میں درخواست

   

حیدرآباد 18 اکٹوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے اقامتی اسکولوں کی کشادگی پر حکم التواء سے دستبرداری کی درخواست کی ہے۔ واضح رہے کہ کوویڈ کی صورتحال بہتر ہونے کے بعد حکومت نے اسکولوں کی کشادگی کا فیصلہ کیا لیکن ہائیکورٹ نے اقامتی اسکولوں کی اجازت نہیں دی۔ حکومت نے عبوری حکم التواء کی برخاستگی کی درخواست کرتے ہوئے حلفنامہ داخل کیا۔ حلفنامہ میں کہا گیا کہ ریاست میں کورونا کی صورتحال قابو میں ہے لہذا اقامتی اسکولوں اور ہاسٹلس کی کشادگی کی اجازت دی جانی چاہئے۔ چیف جسٹس کے اجلاس پر اِس معاملہ کی سماعت ہوئی تاہم چیف جسٹس نے چہارشنبہ کو سماعت کا فیصلہ کیا۔ ’’ر‘‘