اقتدار میںآنے پر رافائیل معاملے کی جانچ کرائی جائے گی۔ کانگریس

,

   

نئی دہلی-فرانس سے رافیل جنگی طیاروں کے سودے میں گھپلے کا الزام عائد کرنے والی کانگریس نے کہا کہ اقتدار میں آنے کے بعد وہ اس سودے سمیت گذشتہ پانچ سالوں میں کیے گئے تمام سودوں کی تفتیش کرائے گی۔

آج یہاں جاری کانگریس کے انتخابی منشور میں بد عنوانی کے خاتمہ پر زور دیتے ہوئے کہاگیا ہے کہ پارٹی اقتدار میں آنے پر بلاتفریق انسداد بدعنوانی ایکٹ کو سختی سے نافذ کرے گی۔

فرانس کے ساتھ رافیل سودے اور گذشتہ پانچ برس کے دوران بی جے پی حکومت میں کیے گئے دیگر سودوں کی بھی تفتیش کرائی جائے گی۔

پارٹی نے کہا ہے کہ ان وجوہات اور صورتحال کی بھی تفتیش کرائی جائے گی جن میں گذشتہ پانچ برسوں کے دوران ان کے بدعنوانوں اور گھپلے بازوں کو ملک چھوڑنے کی اجازت دی گئی۔

ان تمام بھگوڑوں کو واپس لاکر ان کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی۔ قابل ذکر ہے کہ کانگریس کے صدر راہل گاندھی گذشتہ ایک سال سے بھی زیادہ کے وقت سے حکومت کو رافیل سودے پر گھیرنے میں مصروف ہے ۔

مسٹر گاندھی نے اس تعلق سے کئی مرتبہ براہ راست وزیر اعظم نریندر مودی کو ہدف تنقید بنایا ہے اور الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے صنعت کار اور تاجر دوستوں کو فائدہ پہنچایا ہے ۔

اسی سلسلے میں راہل کانعرہ ‘چوکیدار چور ہے ’ ہر شخص کی زبان پر ہے ۔