اقلیتوں کو قرضہ جات کی اجرائی کے لیے درخواستوں کی عاجلانہ یکسوئی کی ہدایت

   

حج ہاوز میں وقف بورڈ ، اقلیتی کارپوریشن ، حج کمیٹی کے علحدہ اجلاس ، وزیر کے ایشور کا خطاب
حیدرآباد۔28۔ڈسمبر(سیاست نیوز) ریاستی وزیر اقلیتی بہبودمسٹر کوپالہ ایشور نے پہلی مرتبہ حج ہاؤز میں جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے مختلف محکمہ جات کی کارکردگی اور اقلیتوں کو فراہم کئے جانے والے بینک سے مربوط قرضہ جات کی درخواستوں کی وصولی کا جائزہ لیا اور اس موقع پر موجود عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ قرضہ جات کی اجرائی کے معاملہ میں رکاوٹیں پیدا کرنے کے بجائے ان کی عاجلانہ یکسوئی کے سلسلہ میں اقدامات کریں۔ ریاستی وزیر اقلیتی بہبود مسٹر کے ایشور نے حج ہاؤز میں تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کے تحت چلائے جانے والے شعبہ قضائت میں عوامی سہولتوں میں کئے گئے اضافہ کا افتتاح انجام دیا ۔ جناب محمد مسیح اللہ خان صدرنشین ریاستی وقف بورڈ نے ریاستی وزیر کو شعبۂ قضائت کے طرز کارکردگی سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ شعبہ میں درخواستوں کے ادخال کے لئے پہنچنے والوں کو سہولتوں کی فراہمی کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ ریاستی وزیر نے بعد ازاں تلنگانہ ریاستی اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کے زیر اہتمام منعقدہ ضلعی عہدیداروں کے اجلاس میں شرکت کی جہاں صدرنشین تلنگانہ ریاستی اقلیتی مالیاتی کارپوریشن جناب اسحق امتیاز نے مسٹر کوپالہ ایشور کے علاوہ دیگر عہدیداروں کا خیر مقدم کیا ۔اس اجلاس میں صدرنشین تلنگانہ ریاستی حج کمیٹی جناب الحاج محمد سلیم‘صدرنشین تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی جناب خواجہ مجیب الدین ‘سیکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود جناب احمد ندیم‘ مشیر برائے اقلیتی امورجناب عبدالقیوم خان‘ ڈائریکٹر محکمہ اقلیتی بہبود جناب شاہنواز قاسم کے علاوہ ریاست کے تمام اضلاع سے آئے ضلعی اقلیتی عہدیدار موجود تھے ۔ جناب اسحق امتیاز نے ریاستی اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کی جانب سے فراہم کئے جانے والے بینک سے مربوط قرضہ جات کی اسکیم کے سلسلہ میں تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اس اسکیم پر مؤثر عمل آوری کے ذریعہ ماہ فروری کے اختتام سے قبل قرضہ جات کی اجرائی کو یقینی بنانے کے اقدامات کریں۔صدرنشین تلنگانہ ریاستی حج کمیٹی الحاج محمد سلیم نے اس موقع پر ریاستی وزیر کے علاوہ مشیر برائے ریاستی حکومت کی گلپوشی و شال پوشی کی ۔ مسٹر کوپالہ ایشور نے ریاست میں اقلیتی برادری کے لئے نئی اسکیمات کے لئے منصوبہ بندی اور تجاویز پیش کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی اور کہا کہ ریاستی حکومت اقلیتوں کی ترقی کے عہد کی پابند ہے۔ انہوں نے طویل مدت تک ریاستی اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کی جانب سے اسکیمات نہ چلائے جانے کے سلسلہ میں عہدیداروں سے دریافت کیا جس پر عہدیداروں نے بجٹ کے متعلق شکایت کرتے ہوئے کہا کہ فینانس کارپوریشن میں بجٹ کی قلت کے سبب اسکیمات کے اعلان یا ان پر عمل آوری میں دشواریاں پیدا ہونے لگی تھی لیکن اب جبکہ ریاستی حکومت نے بجٹ کی اجرائی کا فیصلہ کیا ہے تو کارپوریشن کی کارکردگی میں بہتری لانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ سیکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود و ڈائریکٹر محکمہ اقلیتی بہبود نے ڈی ایم ڈبلیو عہدیداروں کو درخواستوں کی وصولی کے ساتھ ہی ان کی تنقیح کے اقدامات یقینی بنانے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ درخواستوں کی تنقیح کے ساتھ ہی فلیڈ سروے کے کاموں کوبھی مکمل کرتے ہوئے رپورٹ تیار کی جائے اور معینہ مدت میں قرض کی اجرائی یقینی بنائی جائے۔م