نئی دہلی: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے کار گذار صدر اور سابق مرکزی وزیر پرفل پٹیل نے کہاکہ پارٹی اقلیتوں کے مسائل پرکسی قیمت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔یہ بات آج یہاں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی اقلیتی شعبہ کی میٹنگ کو خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ جانے والے پاکستان 1947 میں جا چکے ہیں اور پارٹی اقلیتوں کے ساتھ پوری طاقت سے کھڑی ہے ۔ ساتھ ہی انہوں نے پارٹی کے لیڈروں سے سماج کے اندر تعلیم کے لئے بیداری مہم چلانے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ اقلیتی سماج کے بچے تعلیم کے میدان میں انقلاب برپا کریں تاکہ وہ دنیا میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر سکیں ۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی اقلیتوں کیساتھ پوری طاقت کیساتھ کھڑی ہے ۔مسٹر پرفل پٹیل نے کہا کہ کسی کو یہ شبہ نہیں ہونا چاہئے کہ ہم سکولر جماعت نہیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہماری بنیاد وں میں سیکولرز م موجود ہے ۔ آئین اور قانون کی بالادستی پر ہمارا پورا یقین ہے ۔ پرفل پٹیل نے مسلم ، کرسچن ، جین ، بودھ ، سکھ ، پارسی سمیت تمام اقلیتی طبقوں کے لیڈروں سے اپیل کی کہ پوری طاقت کیساتھ پارٹی کے منچ پر اپنی قومو ں کے مسائل اٹھائیں اور پارٹی اسے حل کرانے کیلئے پوری طاقت کیساتھ جدو جہد کرے گی ۔