محکمہ جاتی اخراجات میں کمی کے اقدامات کے بعد فیصلہ
حیدرآباد۔9۔جنوری(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کے تحت چلائے جانے والے اقلیتی اقامتی اسکولوں کے صدر دفتر کو انیس الغرباء میں منتقل کردیا جائے گا! ریاستی حکومت کی جانب سے محکمہ جاتی اخراجات میں کمی لانے کی ہدایات کے بعد تلنگانہ ریاستی اقلیتی اقامتی اسکولوں کے صدر دفتر کی سرکاری عمارت یا انیس الغرباء کی عمارت میں منتقلی پر غور کیا جا رہاہے اور کہا جا رہاہے کہ جلد ہی اس سلسلہ میں فیصلہ کیا جائے گا۔ ٹمریز کا صدر دفتر جو کہ فی الحال روڈ نمبر 10 بنجارہ ہلز میں ٹمریز کے ہی ایک ذمہ دار کی ملکیت میں کرایہ پر خدمات انجام دے رہا تھا اس عمارت سے صدر دفتر ٹمریز کی منتقلی کے سلسلہ میں جاری مذاکرات کے متعلق کہا جا رہاہے کہ سابق سیکریٹری نے بی آر کے بی بھون میں دفتر کی منتقلی کے سلسلہ میں متعلقہ محکمہ کے عہدیداروں کو مکتوب روانہ کیا تھا۔ سیکریٹری ٹمریز کے تبادلہ اور محترمہ عائشہ مسرت خانم کے جائزہ لینے کے بعد نئی سیکریٹری ٹمریز نے صدر دفتر میں ہونے والے اخراجات کو کم کرنے کے لئے متعدد اقدامات کا آغاز کردیا اور ان کی جانب سے تلنگانہ اقلیتی اقامتی اسکول سوسائیٹی میں لائے جانے والے اصلاحات کو عہدیداروں کی جانب سے خوش آئند قرار دیا جا رہاہے اور کہا جار ہاہے کہ ٹمریز کے صدر دفتر کے اخراجات میں کمی لانے کے اقدامات سے ادارہ کو کافی فائدہ حاصل ہونے کے امکان ہے۔ صدر دفتر کی منتقلی کے سلسلہ میں عہدیداروں کی جانب سے قطعی فیصلہ کئے جانے کے بعد موجودہ کرایہ کی عمارت سے تخلیہ کا آغاز کردیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ٹمریز میں مبینہ دھاندلیوں کے سلسلہ میں موجودہ سیکریٹری محترمہ عائشہ مسرت خانم نے اپنے طور پر رپورٹ کی تیاری کاآغاز کردیا ہے اور عہدیداروں کو بھی اس بات کی ہدایت دی ہے کہ وہ اخراجات پر کنٹرول کریں اور غیر ضروری اخراجات کو کم کرنے کے سلسلہ میں تجاویز پیش کریں۔3