اقلیتی اقامتی اسکولوں کے طلبہ کی ایس ایس سی امتحان کی تیاریاں

,

   

حیدرآباد۔ 3 جون (سیاست نیوز) اقلیتی اقامتی اسکولوں کے ایس ایس سی طلبہ کی امتحانی تیاریوں اور بہتر نتائج کے سلسلہ میں رہنمائی کے لیے اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی کے صدر اور حکومت کے مشیر اے کے خان نے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے سکریٹری سوسائٹی بی شفیع اللہ کے ہمراہ اقامتی اسکول آصف نگر بوائز کا معائنہ کیا اور کووڈ۔19 کی صورتحال میں طلبہ کو احتیاطی تدابیر کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے پرنسپل ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کو ہدایت دی کہ وہ طلبہ میں سماجی فاصلہ اور دیگر احتیاطی تدابیر کے بارے میں شعور بیدار کریں۔ ہاسٹل اور امتحانی مراکز میں اختیار کی جانے والی احتیاطی تدابیر سے واقف کرایا جائے۔ بی شفیع اللہ سکریٹری سوسائٹی نے بتایا کہ 83 اقامتی اسکولوں کے 4722 طلبہ ایس ایس سی امتحان میں حصہ لیں گے۔ ہاسٹل میں طلبہ کو سانیٹائزر اور ماسک فراہم کیا گیا ہے۔ ہاسٹل میں داخل ہونے والے ہر شخص کے لیے ماسک پہننا ضروری ہے اور تھرمل اسکریننگ کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ طلبہ کو صحت بخش غذا فراہم کی جارہی ہے جس میں انڈا، ادرک، دودھ اور پھل شامل ہیں۔ ہاسٹلس کے ڈائننگ ہالس اور کمروں میں سماجی فاصلے کی برقراری کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ طلبہ کی صحت پر مسلسل نظر رکھی جارہی ہے۔ اے کے خان نے امتحانات میں حصہ لینے والے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ بہتر تیاری کے ساتھ امتحان میں شرکت کریں۔ ایسے طلبہ جو مکانات پر ہیں وہ راست طور پر امتحانی مراکز جائیں گے۔ اگر طلبہ کی روانگی میں دشواری ہو تو والدین ہاسٹل روانہ کرسکتے ہیں جہاں سے سواری کا انتظام کیا جائے گا۔ کنٹینمنٹ علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے لیے ہاسٹل میں آمد پر پابندی عائد کی گئی ہے۔