اقلیتی طلبہ کیلئے ایمسٹ اور آئی سیٹ کی آن لائن کوچنگ کا آغاز

   

سی ای ڈی ایم کی مساعی، اے کے خاں، عمر جلیل اور ایس اے شکور کی شرکت

حیدرـآباد۔تلنگانہ میں اقلیتی طلبہ کو مسابقتی امتحانات کی کوچنگ کے سلسلہ میں سنٹر فار ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ آف میناریٹیز(CEDM) نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے آن لائن مفت کوچنگ کا آغاز کیا ہے۔ کورونا وائرس کے سبب حکومت کی گائیڈ لائنس کو پیش نظر رکھتے ہوئے ایمسٹ اور نیٹ میں آن لائن کوچنگ کا آج حکومت کے مشیر برائے اقلیتی اُمور اے کے خاں کے ہاتھوں افتتاح عمل میں آیا۔ بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن کے تعاون سے پہلے مرحلہ میں ایمسٹ اور نیٹ میں شرکت کرنے والے اقلیتی امیدوار اس سہولت سے استفادہ کرپائیں گے۔ سکریٹری بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن سید عمر جلیل ( آئی اے ایس ) اور ڈائرکٹر سی ای ڈی ایم پروفیسر ایس اے شکور اس موقع پر موجود تھے۔ آن لائن کوچنگ کے افتتاح کے بعد اے کے خاں نے کہاکہ مسابقتی امتحانات دورِ حاضر کی ناقابل انکار حقیقت ہے اور ہر نوجوان جو اچھی ملازمت یا معیاری کالج میں داخلہ کا خواہاں ہے اسے لازماً اس مرحلہ سے گذرنا پڑتا ہے۔ مسابقتی امتحانات کا طریقہ کار تعلیمی امتحانات سے مختلف ہوتا ہے۔ سید عمر جلیل ( آئی اے ایس ) نے کہا کہ اقلیتی امیدوار تعلیمی قابلیت اور صلاحیت کے باوجود مسابقتی امتحانات میں پیچھے رہ جاتے ہیں اس کی اہم وجہ مناسب رہنمائی کی کمی، معیاری کوچنگ سنٹرس اور مطالعاتی مواد کی خریدی کیلئے وسائل کی کمی ہے۔ اقلیتی امیدواروں کے مسابقتی امتحانات میں بہتر مظاہرہ کو یقینی بنانے کیلئے حکومت نے سی ای ڈی ایم کا قیام عمل میں لایا۔ انہوں نے بتایا کہ بہت جلد آئی سیٹ اور دیگر مسابقتی امتحانات کیلئے آن لائن کوچنگ کا آغاز کیا جائے گا۔ عمر جلیل نے اقلیتی امیدواروں کو آن لائن کوچنگ سے استفادہ کا مشورہ دیا۔ ڈائرکٹر سی ای ڈی ایم پروفیسر ایس اے شکور نے آن لائن کوچنگ پروگرام کے آغاز میں تعاون کیلئے سید عمر جلیل سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے امیدواروں کو مشورہ دیا کہ وہ ویب سائٹ cedm.rankerslearning.com پر اپنے نام درج رجسٹر کریں۔امیدواروں کو متعلقہ مضامین کے ویڈیو لکچرس اور تمثیلی امتحان کے پرچہ جات فراہم کئے جائیں گے۔ اس موقع پر سی ای ڈی ایم کی ایک اور ویب سائٹ tscedm.com کا اے کے خاں نے افتتاح کیا۔ اس ویب سائٹ سے طلبہ تفصیلات حاصل کرسکتے ہیں۔ اے کے خاں اور عمر جلیل نے سی ای ڈی ایم کی کارکردگی کی ستائش کی اور کہا کہ وسائل کی کمی کے باوجود ڈائرکٹر سی ای ڈی ایم نے ایمسٹ اور آئی سیٹ جیسے مسابقتی امتحانات کیلئے آن لائن کوچنگ کا اہتمام کیا ہے جس میں طلبہ کو مختلف مضامین کے ماہرین کے لکچرس سے استفادہ کا موقع ملے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کوچنگ سے طلبہ بہتر نتائج حاصل کرپائیں گے۔