اقوام متحدہ آبادی فنڈ اور مانو کے درمیان اشتراک

   

بہار کے دینی مدارس کے لیے تعلیمی پروجیکٹ ، 11 جنوری کو افتتاحی تقریب

حیدرآباد، 8؍ جنوری (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی اور اقوام متحدہ آبادی فنڈ (یو این ایف پی اے) کے درمیان بہار کے دینی مدارس میں تعلیمی پراجیکٹ پر اشتراک کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ عالمی ادارے کی شاخ، بہار ریاستی مدرسہ تعلیمی بورڈ اور محکمہ تعلیم، حکومت بہار کے تعاون سے نوعمر طلبہ کا تعلیمی پروگرام (اے ای پی) شروع کر رہی ہے۔ پراجیکٹ کے ذریعہ مدارس کی وسطانیہ سطح (6 تا 8و یں جماعت) میں زیر تعلیم نو بالغ طلبہ کی تربیت، صلاحیت میں اضافہ اور تاحیات اکتساب کی سہولت مقصود ہے۔ ابتدا میں اس پراجیکٹ کی مدت ایک سال ہوگی اور اس کے لیے 1,11,595 امریکی ڈالر کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ پراجیکٹ کے ڈائرکٹر پروفیسر محمد شاہد (شعبۂ سوشل ورک، مانو) کے بموجب اس پراجیکٹ میں اردو یونیورسٹی ایک اہم شراکت دار ہے اور اسے رابطہ کار اساتذہ کی تربیت، معاون نگرانی اور عمل آوری تحقیق کی ذمہ داری تفویض کی گئی ہے۔ اس ضمن میں 11؍ جنوری جمعہ، صبح 10:30 بجے یونیورسٹی کے کانفرنس ہال، عمارت انتظامی میں ایک افتتاحی تقریب منعقد ہوگی۔ ڈاکٹر محمد اسلم پرویز، وائس چانسلر صدارت کریں گے۔ عالمی ادارے کے آبادی فنڈکے قومی نمائندہ ڈاکٹر وینکٹیش سرینواسن، پٹنہ نمائندہ ڈاکٹر ندیم نور، بہار ریاستی مدرسہ تعلیمی بورڈ کے صدر نشین جناب اختر پرویز اور ڈاکٹر ایم اے سکندر، رجسٹرار مانو شرکت کریں گے۔ اس ضمن میں پراجیکٹ منصوبہ بندی اور عمل آوری کے موضوع پر 10 تا 11 جنوری ہمہ فریق اجلاس و ورکشاپ منعقد کیا جائے گا۔ یواین ایف پی اے، بہار مدرسہ بورڈ اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کے نمائندے شرکت کریں گے۔ اس پراجیکٹ کے تحت بہار کے پورنیہ ڈویژن میں وسطانیہ سطح کے تمام مدارس تک رسائی کی کوشش کی جائے گی۔ ڈویژن کے چار اضلاع کشن گنج، ارریہ، پورنیہ اور کٹیہار میں جملہ 757 مدارس کا احاطہ کیا جائے گا۔ پورنیہ ڈویژن میں مسلمانوں کی بڑی آبادی ہے اور اس کا شمار بہار کے نہایت پسماندہ علاقوں میں کیا جاتا ہے۔ ان چاروں اضلاع کو سیمانچل بھی کہا جاتا ہے۔ پراجیکٹ میں تربیت اور اضافہ صلاحیت سے متعلق امور کا احاطہ پروفیسر فیض احمد، پرنسپل سی ٹی ای دربھنگہ کریں گے۔ عمل آوری تحقیق کی نگرانی ڈاکٹر ایم ونجا، شعبۂ تعلیم و تربیت مانو کریں گی۔