اقوام متحدہ میں تلنگانہ کے رکن پارلیمنٹ انیل کمار یادو کا خطاب

   

عالمی اقتصادی نظام اور کریڈٹ ریٹنگ میں اصلاحات و دیگر امور پر روشنی ڈالی
حیدرآباد ۔ 10 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو نے نیویارک میں منعقدہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی (UNGA) کے اجلاس میں ہندوستان کی نمائندگی کرتے ہوئے خطاب کیا ۔ 9 اکٹوبر کو میکرو اکنامک پالیسی کے سوالات اور ترقی کے لیے مالی اعانت کے موضوع پر منعقدہ اقوام متحدہ کی دوسری کمیٹی کے مشترکہ مباحثے میں ہندوستان کا موقف رکھتے ہوئے انیل کمار یادو نے ایک منصفانہ عالمی تجارتی نظام ، سستی ترقیاتی مالیت اور مضبوط بین الاقوامی تعاون کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے ایک شفاف اور قواعد پر مبنی عالمی تجارتی نظام کی ضرورت پر زور دیا جو ترقی پذیر ممالک کے مفادات کی نگہبانی کرے اور غذائی تحفظ کی ضمانت دیں ۔ ساتھ ہی سستی ترقیاتی مالیات ، منصفانہ کریڈٹ ریٹنگ اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں میں ترقی پذیر ممالک کو زیادہ نمائندگی دینے کا مطالبہ کیا ۔ کانگریس کے رکن راجیہ سبھا نے قرضوں کے بہتر انتظام میں مضبوط بین الاقوامی تعاون ، غیر قانونی مالیاتی بہاؤ کی روک تھام اور منصفانہ و موثر ٹیکنیک نظام کو فروغ دینے کی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔ ڈیجیٹل تبدیلی اور عوامی خدمات میں ہندوستان کی عالمی کامیابیوں کو اجاگر کرتے ہوئے انیل کمار یادو نے بتایا کہ کس طرح ہندوستان کے ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر (DPI) کا بہترین استعمال کرتے ہوئے مالی شمولیت کو آگے بڑھایا عوامی خدمات کی فراہمی میں شفافیت لائی اور سرکاری اخراجات کی کارکردگی میں اضافہ کیا ۔ انہوں نے کثیر الجہتی تعاون کے لیے ہندوستان کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی وعدوں کا براہ راست فائدہ عام لوگوں اور بالخصوص ترقی پذیر ممالک کی عوام کو پہونچنا چاہئے ۔۔ 2/a/b