اقوام متحدہ میں قرارداد منظور، وبا سے نمٹنے کے لیے تعاون پر زور

   

نیویارک 3 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے ایک قرارداد منظور کی ہے، جس کے مسودے میں کورونا وائرس کی عالمی وبا سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی سطح پر تعاون اور کثیر الجہتی حکمت عملی پر زور دیا گیا ہے۔ یہ قرارداد بھاری اکثریت کے ساتھ جمعرات کی شب منظور کی گئی۔ قرارداد میں نسل پرستی، امتیازی سلوک، اجنبیوں سے خوف وغیرہ جیسے مسائل کے انسداد اور انسانی حقوق کے احترام پر بھی زور دیا گیا ہے۔ قرارداد کا مسودہ سوئٹزرلینڈ، انڈونیشیا، سنگاپور، ناروے، گھانا اور لائشٹ اسٹائن نے پیش کیا اور 188 ممالک نے اس کی حمایت میں ووٹ ڈالا۔