اقوام متحدہ کا رمضان کے آغاز پر لیبیا میں جنگ بندی کا مطالبہ

   

اقوام متحدہ ۔ 6 مئی (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ نے ماہ رمضان کے آغاز کے موقع پر لیبیا میں انسانی بنیادوں پر ایک ہفتے کی جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔لیبیا کی قومی فوج دارالحکومت طرابلس پر کنٹرول حاصل کرنے کیلئے چار ہفتوں سے معرکہ آرائی میں مصروف ہے۔لیبیا میں اقوام متحدہ کے مشن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ تمام متحارب فریقوں سے انسانی بنیادوں پر ایک ہفتے کیلئے جنگ بندی کا مطالبہ کرتا ہے جو قابل توسیع ہو۔ اس دوران تمام فریق ہر طرح کی عسکری کارروائیوں کو روک دینے کا عزم کریں۔اسی طرح بیان میں زور دیا گیا ہے کہ جنگ بندی کے دوران شہریوں کیلئے انسانی امداد پہنچنے اور ان کی نقل و حرکت کی آزادی کو یقینی بنایا جائے اور قیدیوں اور نعشوں کے تبادلے کا آغاز کیا جائے۔اقوام متحدہ کی پیشکش پر لیبیا کی قومی فوج یا وفاق کی حکومت کی جانب سے ہنوز کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔