وینکوور، 3 جولائی (آئی اے این ایس) فیفا ورلڈکپ 2026 میں سوئٹزرلینڈ نے شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے الجزائرکو 0-2 سے شکست دے دی اور آخری 16 ٹیموں کے مرحلے (راؤنڈ آف 16) کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ یہ میچ جمعہ کو وینکوور کے بی سی پلیس اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ سوئٹزرلینڈ کی جانب سے بریل ایمبولو اور ڈین ندوئے نے ایک، ایک گول کیا۔ اگرچہ پہلے ہاف میں الجزائر نے کچھ اچھے حملے کیے، لیکن دوسرے ہاف کے آغاز میں ندوئے کے گول نے ان کی واپسی کی تمام امیدیں ختم کردیں اور وہ میچ میں دوبارہ مؤثر انداز میں واپس نہ آ سکے۔ اس فتح کے ساتھ سوئٹزرلینڈ نے ورلڈکپ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ مسلسل تین میچ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ اس سے قبل ٹیم نے گروپ مرحلے میں بوسنیا و ہرزیگووینا اور کینیڈا کو بھی شکست دی تھی۔ سوئٹزرلینڈ نے میچ کے صرف دسویں منٹ میں برتری حاصل کر لی۔ جوہان مانزامبی نے پنالٹی ایریا میں شاندار دوڑ لگاتے ہوئے گیند بائی لائن سے واپس پاس کی، جسے بریل ایمبولو نے چھ گزکے اندر سے آسانی سے جال میں پہنچا دیا۔ دوسرے ہاف کے آغازکو ابھی ایک منٹ بھی نہیں گزرا تھا کہ سوئٹزرلینڈ نے اپنی برتری دگنی کردی۔ ڈینس زکاریا کے کراس کو الجزائر کے دفاع نے درست انداز میں کلیئر نہ کیا، جس کے بعد گیند ڈین ندوئے کے پاس پہنچی۔ انہوں نے پنالٹی ایریا کے کنارے سے نہایت خوبصورت شاٹ کھیلتے ہوئے گیند کو جال میں پہنچا دیا اور ورلڈکپ میں اپنا پہلا گول کرنے کی خوشی منفرد انداز میں منائی۔ ندوئے کے اس گول نے گزشتہ میچ کی یاد بھی تازہ کردی۔ کینیڈا کے خلاف بھی سوئٹزرلینڈ نے دوسرے ہاف کے آغاز میں ہی گول کیا تھا، تاہم اس وقت اسکور 0-1 تھا، جبکہ الجزائرکے خلاف یہ برتری 0-2 ہو گئی۔ سوئٹزرلینڈ اس میچ سے قبل اپنے گزشتہ 17 مقابلوں میں صرف ایک شکست کھاکر میدان میں اترا تھا، جس کے باعث الجزائرکے لیے واپسی انتہائی مشکل ہوگئی۔ الجزائر پوری کوشش کے باوجود کوئی واضح گول کا موقع پیدا نہ کر سکا اور سوئس دفاع نے انہیں پورے میچ میں قابو میں رکھا۔ اس کامیابی کے ساتھ سوئٹزرلینڈ مسلسل چوتھے ورلڈکپ میں راؤنڈ آف 16 تک پہنچ گیا۔ اب سوئٹزرلینڈ وینکوور میں ہی اپنے اگلے میچ میں 7 جولائی کوکولمبیا یا گھانا میں سے کسی ایک ٹیم کا سامنا کرے گا۔ یہ وینکوور میں ان کا مسلسل تیسرا میچ ہوگا، جہاں وہ تیسری مسلسل فتح حاصل کرنے کے لیے میدان میں اتریں گے۔