الجزائر کے سابق صدر کا انتقال

   

دبئی۔الجزائر کے سابق صدر عبد العزیز بوتفلیقہ 84 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ الجزائر کی تاریخ میں ان کا نام اس حوالے سے محفوظ رہے گا کہ اس مردِ جری نے کرسی صدارت تک پہنچنے کے بعد ملک میں خونریز خانہ جنگی کی آگ کو بجھایا۔الجزائر کے سرکاری ٹیلی وڑن نے آج ہفتہ کو علی الصبح ملک کے ساتویں صدر کی وفات کا اعلان کیا۔ الجزائر نے 1962میں فرانس سے خود مختاری حاصل کی تھی۔ بوتفلیقہ نے 1999میں پہلی مرتبہ صدارت کا منصب سنبھالا۔ وہ 2004 ، 2009ء اور 2014میں بھی پھر سے صدر منتخب ہوئے۔واضح رہے کہ بوتفلیقہ نے صدر بننے کے بعد الجزائر میں امن کی واپسی میں بڑا کردار ادا کیا۔ اس سے قبل تقریباً ایک عشرے تک جاری رہنے والی خانہ جنگی میں 2 لاکھ کے قریب افراد لقمہ اجل بن گئے تھے۔ بوتفلیقہ نے ستمبر 1999 میں حکومتی فورسز کے خلاف لڑنے والے مسلح عناصر کے لیے معافی کا پہلا قانون جاری کیا تھا۔