الحدیدہ شہر پر امریکی و برطانوی طیارو ں کی بمباری

   

صنعاء : یمن میں ایرانی نواز حوثیوں کا کہنا ہیکہ مغربی صوبے الحدیدہ پر امریکی و برطانوی جنگی طیاروں نے حملے کیے ہیں۔ حوثیوں کے ٹی وی چینل المصیرہ کے مطابق، امریکہ اور برطانیہ نے مغربی صوبے الحدیدہ کے جنوب میں واقع التحیتا شہر کے مختلف مقامات پر بمباری کی ہے۔ بیان میں کہنا ہے کہ ان حملوں میں کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا جبکہ امریکہ اور برطانیہ نے بھی اس حوالے سے کسی قسم کا بیان نہیں دیا ہے۔ حوثیوں کے فوجی ترجمانیحیی سری نے گزشتہ روز بتایا کہ ہماری فوج نے بحیرہ احمر میں امریکی بحری جہاز اسٹار آئرس کو نشانہ بنایا تھا۔ ایرانی نواز حوثیوں نے اسرائیل کے غزہ پر حملوں کے جواز میں یمنی ساحلوں کے قریب اسرائیلی کمپنیوں سے وابستہ تجارتی بحری جہازوں پر قبضے اور بعض پر ڈرون حملوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ امریکی قوتوں نے اس دوران یمن سے داغے گئے میزائلوں اور ڈرونز کو گرانے کا بھی دعوی کیا ہے۔ واضح رہے کہ عالمی تجارت کا تقریبا 12 فیصد بحیرہ احمر کو بحیرہ روم سے ملانے والی نہر سوئز کے ذریعہ ممکن ہوتا ہے۔