طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کی تمام مجاہدین اور فلسطین کے مظلوموں کو مبارکباد
کابل : امارات اسلامیہ افغانستان میں طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہیکہ اللہ کی راہ میں شہادت ہر مسلمان اور لڑنے والے مجاہد کا سب سے بڑا خواب ہے، ہم بہادر مجاہد بھائی یحییٰ سنوار کی شہادت پر اسلامی تنظیم حماس، تمام مجاہدین اور خاص طور پر فلسطین کے مظلوم اور مجاہد عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیں کہ حماس کے سربراہ نے بہادروں کی طرح لڑتے ہوئے عظیم شہادت حاصل کی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امارات اسلامیہ افغانستان میں طالبان حکومت کے ترجمان نے مقبوضہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار کی شہادت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اس بات کا افسوس ہے کہ صہیونی غاصبوں کے حملہ میں ایک بہادر مجاہد ہیرو ہمیں چھوڑ کر رخصت ہوگیا، لیکن حقیقت میں اس نیعظیم شہادت کا جام پی کر مجاہدین کے حوصلے مزید بلند کیے ہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ قابض اسرائیلیوں کو یہ نہیں بھولنا چاہیے مجاہدین قائدین کی شہادت سے دشمن کے خلاف جدوجہد کو کئی گنا زیادہ تقویت ملتی ہے، تمام مسلمانوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فلسطین کے مظلوم عوام کے مؤقف کی حمایت کریں، ان کے پیچھے کھڑے ہوں اور اس حوالے سے ذمہ داری پوری کریں جو سب پر لاگو ہوتی ہے۔ خیال رہے کہ حماس نے اپنے سربراہ کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یحییٰ سنوار 16 اکتوبر کو اسرائیلی فورسز سے بہادری کے ساتھ لڑتے ہوئے جام شہادت نوش فرما گئے۔