المکتوم انٹرنیشنل ایرپورٹ کی توسیع

   

دبئی،15 جون (ایجنسیز) دبئی حکومت نے المکتوم انٹرنیشنل ایرپورٹ کے توسیعی منصوبے میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے 13 ارب درہم مالیت کے متعدد تعمیراتی اور بنیادی ڈھانچے کے ٹھیکے جاری کر دیے ہیں۔ یہ منصوبہ مکمل ہونے کے بعد دنیا کے سب سے بڑے اور جدید ترین ایرپورٹس میں شمار ہوگا۔ حکام کے مطابق منصوبے کے تحت نئی رن ویز، مسافر ٹرمینلز، جدید بیگیج ہینڈلنگ سسٹم اور دیگر اہم سہولیات تعمیر کی جائیں گی۔ منصوبے کا پہلا مرحلہ 2032 تک مکمل ہونے کی توقع ہے، جس کے بعد ایئرپورٹ سالانہ 15 کروڑ مسافروں کو خدمات فراہم کرنے کی صلاحیت حاصل کر لے گا۔ المکتوم انٹرنیشنل ایرپورٹ دبئی کے 128 ارب درہم کے بڑے ترقیاتی منصوبے کا حصہ ہے، جس کا مقصد امارت کو عالمی فضائی سفر، تجارت اور لاجسٹکس کے شعبے میں مزید مضبوط بنانا ہے۔ منصوبہ مکمل ہونے پر دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تمام پروازیں اور آپریشنز مرحلہ وار المکتوم انٹرنیشنل ایرپورٹ منتقل کیے جائیں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس میگا منصوبے سے نہ صرف دبئی کی فضائی نقل و حمل کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا بلکہ ہزاروں نئی ملازمتوں کے مواقع بھی پیدا ہوں گے، جس سے مقامی معیشت کو مزید تقویت ملے گی۔