حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی میں طلباء کے ساتھ ریونت ریڈی نے فٹبال کھیلا
حیدرآباد۔/12 مئی، ( سیاست نیوز) اسمبلی انتخابات کے فوری بعد لوک سبھا چناؤ کی مہم میں سیاسی کھلاڑی کا بہتر مظاہرہ کرنے والے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج فٹبال کھلاڑی کے طور پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ دیڑھ ماہ سے زائد تک انتخابی مہم میں مصروف رہنے کے بعد ریونت ریڈی نے آج حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی طلباء کے ساتھ فٹبال کھے کر انتخابی مہم کی تھکن دور کرنے کی کوشش کی۔ لوک سبھا چناؤ کی مہم کا کل اختتام عمل میں آیا اور ریونت ریڈی آج صبح اپنے ساتھیوں کے ہمراہ حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی پہنچ گئے اور طلباکے ساتھ فٹبال کھیلا۔ ریونت ریڈی جو زمانہ طالب علمی میں فٹبال کے کھلاڑی رہ چکے ہیں آج اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور میدان میں ہر گوشہ سے کھیل کر گول بنانے میں ساتھیوں کی مدد کی۔ کھیل کے دوران چیف منسٹر کے شوز کو نقصان پہنچا اور انہوں نے شوز اُتار کر ساکس پر کھیل کی تکمیل کی۔ چیف منسٹر سفید ٹی شرٹ میں تھے جس پر ’ انڈیا ٹیم ‘ تحریر تھا۔ شاید یہ اپوزیشن انڈیا اتحاد سے مماثلت رکھتا ہے۔ ٹی شرٹ پر ریونت ریڈی نے 9 نمبر رکھا جو ان کا لکی نمبر بتایا جاتا ہے۔ چیف منسٹر کے ہمراہ این ایس یو آئی صدر بی وینکٹ، رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو اور فہیم قریشی تھے۔ چیف منسٹر کے یونیورسٹی آنے کی طلباء کو پہلے ہی اطلاع دے دی گئی تھی اور وہاں میچ کی تیاری کی گئی۔چیف منسٹر اپنے سیکوریٹی قافلہ کے ساتھ یونیورسٹی گراؤنڈ پہنچے لیکن کھیل کے دوران سیکوریٹی اسٹاف کو دور رکھا گیا۔1