کانگریس رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی واڈرا کا مطالبہ
نئی دہلی 26 ستمبر ( ایجنسیز ) کانگریس جنرل سکریٹری و رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی واڈرا نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمشنر کو ملک میں جو قانونی تحفظ فراہم کیا گیا ہے اسے برخواست کیا جانا چاہئے ۔ پرینکا گاندھی نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی نے ہی یہ قانونی تحفظ فراہم کیا ہے جس کا مقصد الیکشن کمیشن کو جوابدہی سے بچانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسی وجہ سے الیکشن کمیشن کی جانب سے سنگین خلاف ورزیاں انجام دی جا رہی ہیں اور من مانی انداز میں فیصلے کئے جا رہے ہیں۔ پرینکا گاندھی نے گیانیش کمار کے بحیثیت چیف الیکشن کمشنر استعفی کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ اپوزیشن انڈیا اتحاد کی جانب سے اس مطالبہ میں شدت پیدا کی جائے گی اور اس مسئلہ پر سارے ملک میں احتجاج شروع کیا جائے گا ۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور گیانیش کمار کے استعفے کے مطالبہ پر اپوزیشن جماعتوں کا انڈیا اتحاد پوری طرح سے متحد ہے اور اس مسئلہ پر متحدہ طور پر جدوجہد شروع کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمشنران کو اپنے دورمیں کئے گئے کاموں سے تحفظ فراہم کرنے کا فیصلہ بی جے پی نے اپنی بے قاعدگیوں کو یقینی بنانے کیلئے کیا ہے اور چیف الیکشن کمشنر اسی تحفظ کی وجہ سے بی جے پی کے اشاروں پر کام کر رہے ہیں۔ کانگریس رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ اپنے اقدامات پر الیکشن کمشنر کو جو قانونی تحفظ فراہم کیا گیا ہے اس کو برخواست کیا جانا چاہئے ۔