الیکشن کمیشن پر بی جے پی کے حق میں کام کرنے کا الزام

   

اپوزیشن کو الیکشن کمیشن پر اعتماد نہیں رہا، سنجے راؤت کا دعویٰ
ممبئی ، 15 مارچ (یو این آئی) شیو سینا (یو بی ٹی) کے سینئر رہنما اور راجیہ سبھا رکن سنجے راؤت نے الیکشن کمیشن آف انڈیا پر سخت تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ یہ آئینی ادارہ اب بی جے پی کی توسیعی شاخ کے طور پر کام کر رہا ہے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اپوزیشن جماعتوں کا انتخابی ادارے پر اعتماد ختم ہو چکا ہے ۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سنجے راؤت نے الیکشن کمیشن کی خود مختاری پر سوال اٹھایا اور اس کے کام کرنے کے طریقہ کار پر بھی تنقید کی۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ انہیں معلوم نہیں کہ الیکشن کمیشن کی پریس کانفرنس کہاں ہوگی، شاید یہ بی جے پی کے دفتر میں ہی منعقد ہو۔ راؤت نے الزام لگایا کہ الیکشن کمیشن اب ایک آزاد ادارے کے طور پر کام نہیں کر رہا جو ملک میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنائے ۔ ان کے مطابق موجودہ حالات میں یہ ادارہ حکمران جماعت کے حق میں کام کرتا دکھائی دے رہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو موجودہ الیکشن کمیشن پر اعتماد نہیں رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ وہ لوگ ہیں جو بی جے پی کیلئے کام کرتے ہیں۔ سنجے راؤت کے یہ بیانات ایسے وقت سامنے آئے ہیں جب بہار اسمبلی انتخابات کے بعد ووٹر فہرستوں کی اسپیشل انٹینسیو ریویژن (ایس آئی آر) کے عمل کو لے کر اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے تنقید کی جا رہی ہے ۔ اپوزیشن رہنماؤں نے اس عمل میں بے ضابطگیوں اور شفافیت کے فقدان کے الزامات عائد کیے ہیں جس کے بعد انتخابی ادارے کے کردار پر نئی سیاسی بحث شروع ہو گئی ہے ۔