الیکشن کمیشن کا بڑا فیصلہ، اجیت پوار کا گروپ ہی اصلی این سی پی، شرد پوار کو جھٹکا

   

نئى دہلی: الیکشن کمیشن نے منگل کو مہاراشٹر میں پارٹی پر حق کو لے کر چچا اور بھتیجے کے درمیان جاری تنازع پر ایک بڑا فیصلہ سنایا۔ الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ بھتیجہ اجیت پوار نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) اور اس کے انتخابی نشان کے اصلی حقدار ہیں۔ شرد پوار کے گروپ کے لیے الیکشن کمیشن کی طرف سے اس کو بڑا دھچکا سمجھا جا رہا ہے۔ گزشتہ چھ ماہ میں الیکشن کمیشن کے سامنے 10 سے زیادہ سماعتوں کے بعد اجیت پوار کو نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کا نام اور انتخابی نشان دیا گیا۔ اجیت پوار اپنے چچا شرد پوار کی پارٹی سے علاحدگی کے بعد پہلے ہی مہاراشٹر کی ایکناتھ شندے حکومت میں نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر شامل ہو چکے ہیں۔