الیکشن کمیشن کی چھوٹ گئے ووٹروں کے اندراج کیلئے خصوصی مہم چلانے کی ہدایت

,

   

خصوصی طور پر نوجوانوں اور پہلی بار ووٹ دینے والوں پر زائد توجہ مرکوز کی جائے

نئی دہلی، 2 اکتوبر (یو این آئی) الیکشن کمیشن نے ووٹر فہرست کی خصوصی جامع نظرثانی عمل میں چھوٹ گئے اہل ووٹروں کے نام دوبارہ شامل کرنے کیلئے ان ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کے چیف الیکٹورل آفیسرز، ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسرز اور الیکشن رجسٹریشن آفیسرز کو ایک خصوصی مہم شروع کرنے کی ہدایت دی ہے ۔اس ہدایت میں خاص طور پر نوجوانوں اور پہلی بار ووٹ دینے والوں پر زیادہ توجہ دینے کو کہا گیا ہے ۔ کمیشن نے جمعرات کے روز لکھے گئے ایک خط میں کہا کہ یہ عمل ووٹر فہرست کو مسلسل اپ ڈیٹ کرنے کے حصے کے طور پر کیا جائے گا۔ اس میں ان لوگوں کی شناخت کی جائے گی جن کے نام ایس آئی آر عمل سے پہلے کی ووٹر فہرست میں تھے لیکن موجودہ فہرست میں نہیں ہیں۔ اس کے ساتھ ہی نئے اہل ووٹروں کے اندراج میں بھی مدد کی جائے گی۔یہ ہدایت یکم اکتوبر کو تمام چیف الیکٹورل آفیسرز کے ساتھ کمیشن کی میٹنگ کے بعد اور 29 ستمبر کی بات چیت کے تسلسل میں آئی ہے۔ الیکشن کمیشن نے پہلے کہا تھا کہ بہار اور مغربی بنگال سمیت 20 ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں میں ایس آئی آر عمل مکمل ہو چکا ہے اور جن لوگوں کے نام ترمیم کے دوران یا بعد میں چھوٹ گئے تھے ، ان کے علاوہ نوجوان اور پہلی بار ووٹ دینے والے ووٹر اب اپنا نام شامل کروا سکتے ہیں۔تازہ ترین ہدایات کے تحت بوتھ لیول آفیسرز موجودہ ووٹر فہرست کا موازنہ ایس آئی آر عمل سے پہلے کی فہرست سے کریں گے اور ایسے ووٹروں کی بوتھ وار فہرست تیار کریں گے جن کے نام پہلے کی فہرست میں تھے لیکن موجودہ فہرست میں نہیں ہیں۔ بوتھ لیول آفیسرز سے کہا گیا ہے کہ وہ ایسے لوگوں کی موجودہ صورتِ حال کا پتہ لگانے کیلئے گھر گھر جا کر جانچ کریں اور جہاں بھی وہ اہل پائے جائیں، وہاں فارم 6 کے ذریعے ان کے اندراج میں مدد کریں۔کمیشن نے بوتھ لیول آفیسرز کو ہدایت دی ہے کہ وہ ہر ہفتے کم از کم 20 سے 25 ایسے ووٹروں کی شناخت کریں، تاکہ یہ عمل تقریباً ایک ماہ میں مکمل ہو سکے ۔ شناخت کیے گئے ہر ووٹر کی صورتِ حال درج کی جائے گی، جس میں یہ بھی شامل ہوگا کہ آیا فارم 6 کی درخواست جمع کی گئی ہے یا نہیں۔بوتھ لیول آفیسرز کو گھر گھر جا کر جانچ کے دوران یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کسی بھی دیگر اہل ووٹر کی شناخت کریں اور ان کے اندراج میں مدد کریں جو شاید چھوٹ گئے ہوں، جن میں پہلی بار ووٹ دینے والے اور نوجوان ووٹر بھی شامل ہیں۔ بوتھ لیول آفیسر کی تیار کردہ فہرست تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں کے بوتھ لیول ایجنٹوں کے ساتھ شیئر کی جائے گی، جبکہ ای آر او کو فارم 6 کی درخواست اور فیلڈ ویریفکیشن رپورٹ کے ساتھ یہ فہرست ملیں گی۔