الیکشن کے بعد ہندوستان سے بہتر روابط کی توقع : عمران

,

   

اسلام آباد ۔ 14 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان اپنے پڑوسیوں بشمول ہندوستان کے ساتھ آنے والے عام انتخابات کے بعد بہتر تعلقات استوار کرے گا، وزیراعظم عمران خان نے آج یہ بات کہی اور دعویٰ کیا کہ اسلام آباد نے امن اور ترقی کی نئی راہ پر پہلا قدم آگے بڑھایا ہے۔ حال ہی میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی تھی جبکہ جموں و کشمیر کے ضلع پلوامہ میں 14 فبروری کو پاکستان نشین دہشت گرد گروپ جیش محمد کے خودکش بمبار کے حملہ میں 40 سی آر پی ایف جوان ہلاک ہوگئے تھے۔ عمران خان یہاں ایک تقریب میں ویزا اصلاحات کا اعلان کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آج اعتماد ہیکہ اس نے امن اور ترقی کی نئی راہ پر پہلا قدم رکھا ہے۔ پاکستان کو توقع ہیکہ ہندوستان میں ان کے انتخابات کے اختتام کے بعد نہ صرف مشرقی پڑوسی بلکہ دیگر پڑوسیوں کے ساتھ بھی تعلقات میں بہتری آئے گی۔ ہمارے تمام پڑوسیوں کے ساتھ اچھے روابط ہوں گے اور پرامن پاکستان خوشحال پاکستان ہوگا۔ انہوں نے بڑے پیمانے پر ویزا اصلاحات کا اعلان کیا جن میں آل لائن ویزا جاری کرنے کی سہولت شامل ہے تاکہ سیاحوں اور سرمایہ کاروں کو راغب کیا جاسکے۔