امارات اور اسرائیل کا فلمی صنعت میں تعاون کا معاہدہ

   

ابوظہبی ۔ابوظہبی فلم کمیشن، اسرائیل فلم فنڈ اور یروشلم کے سیم اسپیگل فلم اینڈ ٹیلی ویژن اسکول نے فلم کی صنعت میں دو طرفہ تعاون اور تربیتی پروگرام کے انعقاد کے لیے ایک مشترکہ معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ مشترکہ بیان کے مطابق اس معاہدے کے تحت ابوظہبی اور اسرائیل کے مابین سالانہ ریجنل فلم فیسٹیول کا انعقاد کیا جائے گا۔ریجنل فلم فیسٹیول میں اماراتی اور اسرائیلی پروڈکشن کے علاوہ دونوں ممالک کے اشتراک سے بننے والی فلموں کی نمائش کے منصوبے کا بھی اعلان کیا گیا۔ٹوفور54 نامی میڈیا کمپنی کے چیئرمین محمد المبارک نے کہا ہے یہ معاہدہ نہ صرف ہماری تخلیقی صنعتوں کے درمیان ثقافتی تعلق کو مضبوط کرے گا بلکہ ابوظہبی کے فلم اور ٹی وی کے شعبے کی ترقی میں معاون ثابت ہوگا۔اسرائیل فلم فنڈ کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر لیسا شلوواچ ازرد نے کہا ہے کہ فلم ایک ایسا آرٹ ہے جو لوگوں اور ثقافتوں کے درمیان ایک پْل کا کردار ادا کرتا ہے، میں سمجھتی ہوں کہ یہ ایک شاندار موقع ہے جس سے ہم سیکھ سکتے ہیں، تخلیق کر سکتے ہیں اور مشرق وسطیٰ میں اپنے ہمسایوں کے قریب ہو سکتے ہیں۔اس معاہدے کے تحت چار اقدامات کیے جائیں گے جن میں دوطرفہ ورکشاپس، تربیتی پروگرام، تعلیم اور بین الاقوامی فلم لیب اور ریجنل فلم فیسٹیول کا انعقاد شامل ہے۔ ابوظہبی اور اسرائیل فلم ٹی وی پروڈکشن کے اشتراک کے لیے دونوں ممالک کے فلم سازوں کے لیے تربیتی پروگرامز کا اہتمام کیا جائے گا۔