امارات میں سرکاری ملازمین کو ہر دوہفتوں میں کورونا ٹسٹ لازم

   


دبئی ۔ متحدہ عرب امارات نے تمام وزارتوں اور وفاقی اداروں کے ملازمین کیلئے ہر 14 دن بعد کوویڈ 19 پی سی آر ٹسٹ لازمی قراردیا ہے۔امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق اس فیصلے پر17 جنوری 2021 سے عملدرآمد شروع ہوگا۔گورنمنٹ ہیومن ریسورسز کی فیڈرل اتھارٹی کی طرف سے جاری گشتی نامہ کے مطابق حکومت کا یہ اقدام وائرس کے پھیلاؤ کو زیادہ سے زیادہ حد تک روکنا، ملازمین کی صحت کو یقینی بنانا اورکام کرنے کے ماحول کو محفوظ بنائے رکھنا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ 14 روز بعد لازمی ٹسٹ کے قاعدے کا اطلاق آؤٹ سورس ملازمین اور کل وقتی ملازمین رکھنے والی پبلک سروس کمپنیوں پر بھی ہوگا۔حکومتی اداروں کے ساتھ کام کرنے والی ماہر خدماتی کمپنیوں کو بھی اپنے عملہ کا منفی پی سی آر ٹسٹ لازمی پیش کرنا ہوگا جوکہ تین دن سے زیادہ پرانا نہ ہو۔ تمام ملازمین اپنے خرچ پر یہ ٹسٹ کرائیں گے تاہم اس میں وہ ملازمین شامل نہیں ہیں جنہیں سرکاری صحت حکام نے خرابی صحت کی بنیاد پر ویکسین لینے سے استثنی دے رکھا ہے۔ اس صورت میں اس ملازم کا آجر اس ٹسٹ کے اخراجات ادا کرے گا۔