امارات میں یکم جون سے بیرونی افراد کو واپس آنے کی اجازت

,

   

دبئی۔19 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) متحدہ عرب امارات نے کہا ہے کہ وہ بیرونی جو کورونا وائرس کے باعث اپنے ممالک کو واپس لوٹ گئے تھے، یکم جون سے واپس آ سکتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق سرکاری نیوز ایجنسی ڈبلیو اے ایم نے وزارت خارجہ اور فیڈرل اتھارٹی فار آئیڈینٹٹی اینڈ سٹیزن شپ (آئی سی اے) کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عمل اْن کی محفوظ واپسی کے لیے شروع کیا گیا ہے۔آئی سی اے نے یو اے ای واپسی کے خواہشمند بیرونی افراد سے کہا ہے کہ وہ سرکاری ویب سائٹ پر رجوع کریں اور اس پر دی گئی سروسز ،ریذیڈنٹس انٹری پرمٹ، پر رجسٹر کریں۔واضح رہے کہ اس سے قبل گذشتہ ہفتے دبئی میں ساحل سمندر پر واقع ہوٹلوں کو صرف مہمانوں کے لیے خانگی ساحل کھولنے کی اجازت دی گئی تھی۔ڈبلیو اے ایم نیوز ایجنسی کا حوالہ دیتے ہوئے لکھاکہ یہ اجازت ایسے وقت میں دی گئی ہے جب دبئی کورونا وائرس کے باعث لگائی گئی پابندیوں کو نرم کرنے پر غور کر رہا ہے۔دبئی میں سپریم کمیٹی آف کرائسس مینیجمنٹ نے لوگوں کی نقل و حرکت پر پابندیاں ہٹانے کے لیے نئے اقدامات کیے جن میں عوامی پارکس کو کھولنا اور ہوٹلوں کی نجی بیچز کو کھولنا بھی شامل تھا۔تاہم کمیٹی نے کہا کہ ان اعلانات کے باوجود سخت حفاظتی اقدامات کو بھی نافذ کیا جائے گا جس میں سماجی فاصلہ قائم رکھنا اور پانچ سے زیادہ افراد کا جمع نہ ہونا شامل ہے۔ متحدہ عرب امارات نے 20 مئی سے تاحکم ثانی رات کے کرفیو کے اوقات میں مزید دو گھنٹے اضافہ کا فیصلہ کیا ہے۔ اب اس کرفیو کا آغاز رات 8 بجے ہوگا اور صبح 6 بجے تک جاری رہے گا۔یو اے ای کی حکومت نے ملک بھر میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے 26 مارچ کو صفائی کا قومی پروگرام شروع کیا تھا اور اس پر عمل درآمد کے لیے رات دس بجے سے صبح چھے بجے تک کرفیو نافذ کردیا تھا۔اس پروگرام میں یواے ای کے مختلف سرکاری اداروں سے تعلق رکھنے والے سیکڑوں کارکنان ، نگران اور منتظمین حصہ لے رہے ہیں۔اس تطہیری پروگرام کے تحت دبئی میٹرو ، ٹیکسیوں ، بسوں اور ٹراموں کو مصفا کیا گیا ہے اور کیا جارہا ہے۔یو اے ای کے حکام نے کہا ہے کہ اب خریداری مراکز اور مال صبح نو بجے سے شام سات بجے تک کھلیں رہیں گے۔یو اے ای میں جاری نظافت کے اس پروگرام کے تحت ریستوران ، باہمی تعاون کی سوسائٹیاں ، روزمرہ استعمال کی دکانیں ، سوپرمارکیٹیں اور دوا خانے ہفتے میں سات دن اور 24 گھنٹے کھلا رکھنے کی اجازت ہے۔تاہم 60 سال سے زیادہ عمر کے بزرگ افراد اور 12 سال سے کم عمر بچوں کو شاپنگ مالوں اور خریداری مراکز میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہے۔حکام نے ان خریداری مراکز میں آنے والے افراد کویہ ہدایت کی ہے کہ وہ وہاں دو گھنٹے سے زیادہ دیر نہ رہے۔قبل ازیں محکمہ صحت کے حکام نے آج سوموار کو یو اے ای میں کرونا وائرس سے چاراموات اور 832 نئے مقدمات کی تصدیق کی ہے۔اب ملک میں اس مہلک وبا کا شکار ہونے والے افراد کی تعداد 24190 ہوگئی ہے۔