امارات کی بمبار ڈرون سے حملے کی حوثی کوشش کی مذمت

   

ابوظہبی : متحدہ عرب امارات نے یمن کی دہشت گرد حوثی ملیشیا کی جانب سے برادر سعودی عرب کے علاقے خمیس مشیط میں ایک بمبار ڈرون کے ذریعے شہریوں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوششوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔خیال رہے کہ حوثی ملیشیا کا پیر کے روز کیا گیا یہ حملہ عرب اتحادی افواج نے ناکام بنا دیا تھا۔امارات کی وزارت خارجہ اور بین الاقوامی تعاون کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں، متحدہ عرب امارات نے زور دے کر کہا کہ حوثی گروپ کی جانب سے منظم اور دانستہ طور پر ان دہشت گردانہ حملوں کا جاری رہنا عالمی برادری کے فیصلوں اور مطالبات کی کھلم کھلا خلاف ورزی اور تمام بین الاقوامی قوانین اور اس کی بے توقیری کو ظاہر کرتا ہے۔وزارت خارجہ نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ اہم اور شہری سہولیات، مملکت کی سلامتی، توانائی کی فراہمی اور عالمی اقتصادی استحکام کو نشانہ بنانے والے ان بار بار کیے جانے والے اقدامات کو روکنے کے لیے فوری اور فیصلہ کن مؤقف اختیار کرے۔بیان میں زور دے کر کہا گیا کہ حوثی ملیشیا کے ان دہشت گردانہ حملوں کے دوران متحدہ عرب امارات مملکت کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔ حوثی ملیشیا کے یہ حملے خطے کی سلامتی اور اس کے استحکام کو خطرے میں ڈالنے کی سوچی سمجھی کوشش ہیں۔