نلگنڈہ میں یوم پیدائش تقریب ، وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی و دیگر کا خطاب
نلگنڈہ۔15 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی وزیر عمارات و شوارع و سنیماٹو گرافی کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا ہے کہ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مرتب کردہ آئین ہند نے محروم اور کمزور طبقات کو مضبوط تحفظ فراہم کیا ہے اور یہ ’’غریبوں کے ہاتھ میں ایک برہماستر‘‘ کے مترادف ہے۔ ڈاکٹر امبیڈکر کی 135ویں یومِ پیدائش کے موقع پر ضلع نلگنڈہ کے تپرتی جنکشن میں منعقدہ تقریب میں وزیر نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اور بابو جگجیون رام کے کانس کے مجسموں کی نقاب کشائی کی۔ یہ مجسمہ محکمہ عمارات و شوارع کی جانب سے 70 لاکھ روپے کی لاگت سے نصب کیے گئے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے 10.75 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے جنکشن کی خوبصورتی اور ترقیاتی کاموں کا بھی افتتاح کیا۔عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر نے ہمہ گیر تعلیم اور خواتین کے حقِ رائے دہی کے لیے تاریخی جدوجہد کی اور تعلیم کو بااختیار بنانے اور ترقی کی بنیاد قرار دیا۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ امبیڈکر کے نظریات کو اپناتے ہوئے معیاری تعلیم کو اپنی اولین ترجیح بنائیں انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت ہر اسمبلی حلقہ میں 200 کروڑ روپے کی لاگت سے انٹیگریٹڈ رہائشی اسکول قائم کر رہی ہے۔ نلگنڈہ میں SLBC کالونی میں زیر تعمیر ادارہ رواں سال ڈسمبر کے اختتام تک افتتاح کے لیے تیار ہوگا۔ مزید ہر حلقہ میں ایک پبلک اسکول کے قیام کی تجویز بھی زیر غور ہے جہاں طلبہ کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ PMHO اور DEO دفاتر کو کلکٹریٹ منتقل کیا جائے گا جبکہ پانگل سے ڈی ای او آفس تک سڑک کی تعمیر کے لیے 15 کروڑ روپے منظور کیے جا چکے ہیں اور کام جلد شروع ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت ینگ انڈیا انٹیگریٹڈ ریزیڈینشل اسکولز کے قیام کے ذریعے سماجی ہم آہنگی کو فروغ دے رہی ہے۔ نلگنڈہ میں SLBC اسکول کی تعمیر جاری ہے جبکہ دوملاپلی میں ایک ماڈل اسکول قائم کیا جائے گا۔وزیر نے امبیڈکر کلا بھارتی کی ترقی اور جدید سہولیات کی فراہمی کا بھی اعلان کیا۔ طلبہ اور نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ڈاکٹر امبیڈکر کے نظریات سے رہنمائی حاصل کریں اور بہتر مستقبل کیلئے جدوجہد کریں۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ محروم طبقات کی اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے حکومت ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی اور کہا کہ “میں بہتر مستقبل کیلئے جدوجہد کرنے والے ہر طالب علم کیساتھ ہمیشہ کھڑا رہوں گا۔” ان پروگراموں میں ضلعی عہدیدار عوام بالخصوص خواتین کی کثیر تعداد شریک تھی۔