امتحانات کی تیاری میں مصروف طلبہ میں بسکٹ و مشروبات

   

ناخواندہ تاجر کی خواندگی بڑھانے کی مساعی ، طلبہ کے مستقبل کو تابناک بنانے کے لیے ہمت افزائی
حیدرآباد۔30جنوری (سیاست نیوز) آپ کا معمولی تعاون بھی طلبہ کے مستقبل کو تابناک بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے اس بات کو ثابت کر دکھایا ہے مشیر آباد کے رہنے والے محمد شاہد نے جو مشیر آباد ایک مینار مسجد کے قریب ایک چھوٹی سی دکان چلاتے ہیں اور سالانہ امتحانات سے قبل 40 دن تک قریبی سرکاری اسکول کے دسویں جماعت کے طلبہ کو مفت مشروبات اور بسکٹ فراہم کیا کرتے ہیں اور گذشتہ 4برسوں سے وہ طلبہ کی اس طرح سے خدمت انجام دے رہے ہیں۔ جناب محمد شاہد نے بتایا کہ وہ تعلیم یافتہ نہیں ہیں اسی لئے انہیں تعلیم کی اہمیت کا اندازہ ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ آئندہ نسل جو اسکول جا رہی ہے وہ تعلیم یافتہ ہو تاکہ معاشرہ میں تبدیلی آئے ۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے طور پر ان بچوں کو بسکٹ اور مشروبات فراہم کرتے ہیں جو سالانہ امتحانات سے قبل سرکاری اسکول میں خصوصی کلاسس کا حصہ ہوتے ہیں۔ گورنمنٹ اسکول مشیر آباد کے طلبہ محمد شاہد کو اچھی طرح جانتے ہیں اور انہیں اس بات کا بھی پورا احساس ہے کہ ان کی خدمت کس وجہ سے کی جا رہی ہے ۔ محمد شاہد کا ماننا ہے کہ صبح اسکول پہنچنے والے بچے اسکول کے اوقات کے باوجود امتحانی تیاریوں کے سلسلہ میں مصروف ہوتے ہیں اور انہیں خصوصی کلاسس میں بیٹھنا پڑتا ہے

جس کی وجہ سے وہ خالی پیٹ نقاہت محسوس کرنے لگتے ہیں اسی لئے انہوں نے خصوصی کلاسس میں شرکت کرنے والے طلبہ کو مفت یہ اسناکس فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور گذشتہ 4برسوں سے وہ یہ اسلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اسکول انتظامیہ کی جانب سے اسکول میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران رکن اسمبلی مشیر آباد مسٹر ایم ۔گوپال نے محمد شاہد کو تہنیت پیش کی اور ان کی اس خدمت کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ محمد شاہد انسانی ہمدردی کی مثال بن چکے ہیں۔ صدر مدرس اسکول مسٹر نریندر یادونے بھی محمد شاہد کی جانب سے انجام دی جانے والی اس خدمت کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اس عمل سے طلبہ کو خصوصی کلاسس کے دوران کوئی سستی و کاہلی نہیں ہوتی اور ان کے اس عمل کے نتیجہ میں بچے اپنی تعلیم پر توجہ مرکوز کررہے ہیں جس کے نتیجہ میں اسکول کے نتائج میں گذشتہ برسوں کے دوران کافی بہتری دیکھی جا رہی ہے۔ دسویں جماعت میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کی جانب سے بھی ان کی خدمات کو قابل قدر قرار دیتے ہوئے کہا جا رہاہے کہ محمد شاہد کی جانب سے فراہم کئے جانے والے اسناکس ان طلباء وطالبات کے لئے نعمت سے کم نہیں ہیں کیونکہ دسویں جماعت میں تعلیم حاصل کرنے والے یہ طلبہ صبح 7بجے اسکول پہنچتے ہیں تو اسکول کے اوقات کارکے اختتام کے بعد خصوصی کلاسس میں شرکت کے بعد شام 8 بجے وہ گھر واپس ہوتے ہیں۔