امت مسلمہ کی مشکلات سے نجات کا واحد ذریعہ قرآن و سنت

   

بھونگیر میں جشن عیدمیلادالنبی ؐ برائے خواتین کا انعقاد ، لڑکیوں کو علم دین سے واقفیت کی ہدایت

بھونگیر /15 اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بھونگیر میں آج مقامی اے آر گارڈن فنکشن قاضی محلہ میں انتظامی کمیٹی جمیعت الانصار ونوجوانان محلہ جلیل پورہ کے زیر اہتمام جشن عیدمیلادالنبیﷺ کے ضمن میں 9 واں عظیم الشان جلسہ برائے خواتین وزیارت آثار مبارک کا انعقاد عمل میں آیا۔اس موقع پر مہمان خصوصی محترمہ شائستہ ارم مجیبیہ، محترمہ نصرت رضویہ حیدرآباد نے اپنے خطاب میں کہا کہ عیدمیلادالنبی ﷺ منانا درحقیقت اللہ کی نعمتوں کا شکر بجالانا ہے۔ نبی کریمﷺ کی ولادت باسعادت ہم امت مسلمہ کیلئے ایک عظیم نعمت ہے۔ اللہ کی نعمتوں کا شکر گزاری حضوراقدسﷺ کی سنتوں پر عمل کرنا اور اللہ کے ذکر واذکار سے ہی ممکن ہے۔ عصر حاضر میں امت مسلمہ جن دشوار کن حالات سے دوچار ہے کیونکہ امت مسلمہ نے حضورﷺ کی سنتوں اور قران سے اپنا تعلق دور کردیا ہے۔ ان حالات سے نکلنے کا واحد ذریعہ یہ ہے کہ امت مسلمہ اپنا تعلق قران وسنت رسولﷺ سے مظبوط کرلیں۔کیونکہ صحابہ کرام نے قران مجید اور اطاعت رسولﷺ کو اپنا مشعل راہ بنایا تو دنیا کی امامت وقیادت ان کے قدموں میں آگئی۔ آج بھی امت مسلمہ قران اور سنت رسولﷺ اور اطاعت رسول سے اپنی وابستگی کو اپنا مشن بنائے تو حالات کو بدلنے دیر نہیں لگتی۔ انہوں نے کہا کہ معاشرہ آج اس قدر بگڑا ہوا ہے کہ۔ نوجوان لڑکے لڑکیاں دنیاوی تعلیم کے حصول کے خاطر دین سے دوری اختیار کئے ہوئے ہے۔ آج ان کے اندر ایمانی جذبہ نہیں ہے۔ وہ قران مجید اطاعت رسول سے کوسوں دور ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام دنیاوی تعلیم کے نہ تو خلاف ہے اور نہ ہی دنیاوی سے تعلیم سے روکتا ہے۔ بلکہ مذہب اسلام نوجوان لڑکیوں کو دنیاوی تعلیم کی اجازت دیتا ہے۔ بشرطیکہ وہ اسلامی نہج پر دنیاوی تعلیم حاصل کرے۔ پردہ کا لحاظ رکھے۔دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم پر بھی خاص توجہہ دیں کیونکہ دینی تعلیم سے ہی معاشرہ میں سدھار ممکن ہے۔اور اسی میں ہماری نجات ہے۔ انہوں نے والدین پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے گھروں میں دینی ماحول کو بنائے۔گھروں میں نماز اور ذکر اذکار کی پابندی کی جائے تاکہ بچوں کو دینی ماحول میں ڈھال سکے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے بچوں کو ٹی وی سیریلس اور سیل فونس سے دور رکھیں کیونکہ یہ چیزیں برائی کا سبب بن رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کا اسلامی تعلیمات سے دوری کا نتیجہ ہے کہ فحاشی ، ظلم اور بربریت کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے۔ان واقعات کے پیش آنے کا اصل سبب یہ ہے کہ ہم مغریبی تہذیب کو اپنا رہے ہے۔ مغریبی تہذیب ہمارا شعار بن چکی ہے۔جس کی وجہہ سے معاشرہ میں بگاڑ آچکا ہے۔ شگفتہ فاطمہ ، شبانہ سلطانہ نے نظامت کے فرائض انجام دئے۔ بعد ازاں خواتین کو زیارت آثار مبارک سے مستفید کروایا گیا۔ علاوہ ازیں بعد نماز مغرب مسجد صحابہ جلیل پورہ میں مرد حضرات کو زیارت آثار مبارک سے مستفیض کروایا گیا۔ اس موقع پر مولانا شعیب الرحمن رضوی ،مولانا غلام دستگیر رضوی نے سلام پیش کیا اور دعا فرمائی۔ اس موقع پر صدر کمیٹی جمیعت الانصار شیخ میراں چودھری،معتمد کمیٹی ارشاد اندوری،ولی بابا، امیرالدین، کاظم، فہیم، شجاع الدین، غوث، قاضی سیف اللہ، غوث، رحیم الدین، حسن الدین، ستار، شاہد، امتیاز، حافظ نصیررضوی اور دیگرموجود تھے۔