امرتسر میں 23 کلو ہیروئن برآمد

   

امرتسر: سرحد پار اسمگلنگ کو ایک بڑا دھچکا لگاتے ہوئے امرتسر دیہی پولیس نے جنڈیالہ کے دیوی داس پورہ گاؤں سے 23 کلو گرام ہیروئن برآمد کی ہے ۔ پولیس کے ڈائریکٹر جنرل گورو یادو نے چہارشنبہ کے روز کہا کہ یہ کھیپ اسمگلنگ نیٹ ورک سے منسلک تھی جو امریکہ میں مقیم اسمگلر جسمیت سنگھ عرف لکی کے ذریعہ چلایا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دیوی داس پورہ کے رہنے والے ساحل پریت سنگھ عرف کرن کو کیس میں نامزد کیا گیا ہے اور پولیس کی کئی ٹیمیں اس کی گرفتاری کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ یادو نے کہا کہ امرتسر دیہی پولیس کے جنڈیالہ پولیس اسٹیشن میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے اور اسمگلنگ نیٹ ورک میں ملوث دیگر لوگوں کا پتہ لگانے کے لئے مزید تفتیش جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس ڈرگ کارٹیل کے خاتمے اور پنجاب کو منشیات سے پاک بنانے کے لیے پرعزم ہے ۔