تہران، 18 اپریل (یو این آئی) ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے قوم اور ایرانی فوج کے نام پیغام میں کہا کہ امریکہ و اسرائیل کا خیال تھا دو تین روز میں ہمارا کام تمام کر دیں گے ، لیکن قوم نے بتادیا کہ ایران کو ہرانا اتنا آسان نہیں ہے ۔ سرکاری ٹی وی سے بات کرتے ہوئے مسعود پزشکیان نے کہا میں سب سے پہلے اپنے جنگجوؤں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، اور پھر ایرانی عوام کا جنھوں نے ملک کے ساتھ اظہار یکجہتی کر کے پوری دنیا کیلئے مثال قائم کی ہے ۔ امریکی صدر کا کہنا تھا یہ مناظر اے آئی سے بنائے گئے ہیں، انھیں یقین ہی نہیں آ رہا تھا کہ لوگ اپنے ملک اور نظام کے دفاع کیلئے اس طرح نکل رہے ہیں۔ انھوں نے کہا امید ہے جنگ کے بعد کی مشکلوں سے بھی باہر نکل آئیں گے ۔ واضح رہے کہ پاکستان کی ثالثی کے بعد ایران نے آبنائے ہرمز کھول دی تھی ، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے دورہ تہران میں یہ کامیابی سامنے آئی، لبنان اسرائیل جنگ بندی کے بعد امریکا ایران معاہدے میں دوسری سب سے بڑی رکاوٹ بھی دور ہو چکی ہے ۔
کوئی بھی ملک ہم پر اپنی مرضی مسلط نہیں کر سکتا:ایران کا اعلان
تہران،18 اپریل (یو این آئی) ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی حالیہ دھمکیوں پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے ۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی حالیہ دھمکیوں پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر ضرورت سے زیادہ بولتے ہیں اور ان کے متضاد بیانات کی سمجھ نہیں آتی کہ وہ اصل میں چاہتے کیا ہیں۔ سعید خطیب زادہ نے واضح کیا کہ مسائل کا حل جنگ میں نہیں ہے ، تاہم اگر امریکہ دوبارہ حملے کی غلطی کرتا ہے تو ایران اپنا بھرپور دفاع کرے گا اور آخری سپاہی تک لڑے گا۔ انہوں نے ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن کا کوئی بھی غیر قانونی حکم تسلیم نہیں کیا جائے گا۔ ایرانی نائب وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ غلامی اور نوآبادیاتی نظام کا دور اب ختم ہو چکا ہے اور امریکہ دوسرے ملکوں پر اپنی مرضی مسلط نہیں کر سکتا۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں پیغام دیا کہ ایران کسی بھی صورت اپنی خود مختاری پر سمجھوتہ نہیں کریگا اور اپنی حدود کی حفاظت کے لیے ہر حد تک جائیگا۔