واشنگٹن : ٹرمپ انتظامیہ نے غیر قانونی تارکینِ وطن کیلئے سیلف ڈیپورٹیشن ایپ متعارف کرا دی۔ غیر ملکی میڈیا رہورٹس کے مطابق اب غیر قانونی تارکینِ وطن اپنی مرضی سے رضاکارانہ طور پر ملک چھوڑ سکتے ہیں۔ ٹرمپ انتظامیہ نے سی بی پی ہوم نامی موبائل ایپ متعارف کروائی ہے، جس کے تحت غیر قانونی تارکینِ وطن ممکنہ گرفتاری اور حراست کا سامنا کرنے کے بجائے اپنی مرضی سے سیلف ڈیپورٹ ہو سکتے ہیں۔ مذکورہ ایپ پہلے تارکینِ وطن کے لیے اپوائنٹمنٹ بکنگ میں استعمال ہوتی تھی، اب امریکی کسٹمز اور بارڈر پروٹیکشن کے ذریعہ غیر قانونی تارکینِ وطن کو ملک چھوڑنے کی سہولت فراہم کرے گی تاکہ وہ سخت نتائج سے بچ سکیں۔ سیکریٹری ہوم لینڈ سیکوریٹی کرسٹی نوم کے مطابق جو لوگ اس ایپ کے ذریعہ رضاکارانہ طور پر خود کو ڈی پورٹ کریں گے، ان کیلئے قانونی طور پر دوبارہ امریکہ آنے کا موقع باقی رہے گا، بصورت دیگر انہیں ملک بدر کر دیا جائے گا اور وہ کبھی واپس نہیں آ سکیں گے۔ ایپ پر غیر قانونی تارکینِ وطن سے یہ بھی پوچھا جاتا ہے کہ آیا ان کے پاس وطن واپسی کیلئے پیسے، درست اور کارآمد پاسپورٹ موجود ہے یا نہیں؟