امریکہ: سیاہ فام شخص پر جان لیوا پولیس تشدد کی ویڈیو جاری

   

نیویارک : امریکی ریاست ٹینیسی کے شہر میمفس کی پولیس نے جمعہ کی شب ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں پانچ پولیس اہلکار ناکے پر ایک سیاہ فام شخص کو تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ بعدازاں اس شخص کی شناخت 29 سالہ ٹائر نکولس کے نام سے ہوئی تھی اور وہ تشدد کے تین روز بعد اسپتال میں جان کی بازی ہار گئے تھے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس اہلکار مسلسل تین منٹ تک نکولس پر بدترین تشدد کر رہے ہیں، دو اہلکاروں نے نکولس کو زمین پر گرا رکھا ہے جب کہ دو پولیس اہلکار ان پر گھونسے اور لاتیں برسا رہے ہیں، ایک پولیس اہلکار کو لاٹھی کا استعمال کرتے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو فوٹیج کا ایک کلپ جو ایک گھنٹے پر محیط ہے اور مختلف کیمروں سے لیا گیا ہے اس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نکولس چیخ و پکار کرتے ہوئے اپنی ماں کو پکار رہے ہیں۔ نکولس ٹائر پر پولیس تشدد کا یہ واقعہ رواں ماہ کے آغاز میں پیش آیا جب اْنہیں مبینہ طور پر لاپروائی سے گاڑی چلانے کے باعث روکا گیا۔ اس واقعہ کے تین روز بعد نکولس زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں انتقال کر گئے۔ نکولس پر تشدد کرنے والے پانچوں پولیس اہلکاروں کے خلاف، جو خود بھی سیاہ فام ہیں، سیکنڈ ڈگری قتل، حملہ، اغوا، آفیشل مس کنڈکٹ جیسے الزامات لگائے گئے ہیں۔ پانچوں کو ملازمت سے بھی برخاست کر دیا گیا ہے۔