نیویارک : دنیا بھر کے غریب امریکہ جانے، وہاں آباد ہونے اور وہاں کام کرنے کا خواب دیکھتے رہتے ہیں۔ اس خواب کو تعبیر کا جامہ پہنانے کی کوشش میں وہ بہت کچھ الٹا بھی کر بیٹھتے ہیں۔ غیر قانونی طور پر امریکہ پہنچنے کی دْھن میں وہ جان کی بازی لگانے سے بھی دریغ نہیں کرتے۔ کیا امریکہ کے لیے جان کی بازی لگائی جاسکتی ہے؟ کیا امریکہ دنیا بھر میں رہنے کے لیے بہترین جگہ ہے؟ کیا امریکہ سے زیادہ معیاری زندگی کہیں اور نہیں گزاری جاسکتی؟ آج کل دنیا بھر کے سماجی اور معاشی امور کے ماہرین امریکہ میں رہائش اختیار کرنے کے حوالے سے اپنی رائے دے رہے ہیں۔ امریکہ ترقی یافتہ اور مالدار ملک ہے مگر کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ انفرادی آمدنی کے تفاوت یا فرق، صحتِ عامہ کے حوالے سے ناہمواری اور زندگی بسر کرنے کی بہت بلند قیمت کے باعث امریکہ کو رہائش کے لیے سب سے زیادہ آدرش سرزمین قرار نہیں دیا جاسکتا۔ بہت سوں کا کہنا ہے کہ امریکہ مواقع کی سرزمین ہے یعنی جو لوگ امریکہ پہنچنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں انہیں زیادہ اور معیاری کام کرنے، زیادہ اجرت حاصل کرنے اور بلند معیارِ زندگی یقینی بنانے کے مواقع مل ہی جاتے ہیں۔ امریکہ میں زندگی بسر کرنے کی لاگت بہت بڑھ چکی ہے۔ ڈھنگ سے زندہ رہنے کے لیے پوری کی پوری آمدنی خرچ کرنا پڑتی ہے۔ بچت کا تصور مفقود ہے۔ بچت امریکیوں کے مزاج میں بھی نہیں اور اِس کی گنجائش بھی نہیں رہی۔ رہائش، صحت اور دیگر سہولتوں کے لیے گھر کے تمام ہی افراد کو کام کرنا پڑتا ہے۔ امریکہ میں امیر اور غریب کے درمیان فرق بہت زیادہ ہے۔ نچلی سطح کی اجرت پانے والوں کی تعداد میں بہت تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ انفرادی سطح پر آمدنی کے غیر معمولی فرق کے نتیجے میں بہت سے معاشی اور معاشرتی چیلنج سر اٹھارہے ہیں۔ جرائم کا گراف بھی بلند ہو رہا ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ امریکہ میں جدید ترین میڈیکل ٹیکنالوجیز پائی جاتی ہیں۔ علاج کی بہترین سہولتیں میسر ہیں مگر اِن کا خرچ بھی بہت زیادہ ہے۔ صحتِ عامہ پر حکومت کو اچھا خاصا خرچ کرنا پڑتا ہے مگر اس کے باوجود کسر رہ جاتی ہے۔