واشنگٹن: امریکہ کی ریاست ایریزونا کے سکاٹسڈیل ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران دو خانگی طیاروں میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور چار زخمی ہوگئے ہیں۔ پیر کو سکاٹسڈیل ایریزونا میونسپل ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران ایک پرائیویٹ طیارہ پھسل کر رن وے پر کھڑے دوسرے جیٹ سے ٹکرا گیا۔ سکاٹسڈیل فائر ڈپارٹمنٹ کے ترجمان ڈیو فولیو نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ اس حادثے میں ایک شخص ہلاک اور کم از کم 4افراد زخمی ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک شخص طیارہ کے اندر پھنسا ہوا ہے اور ریسکیو اہلکار اس کو نکالنے کیلئے کام کر رہے ہیں، جبکہ تین دیگر افراد کو قریبی ہاسپٹلس میں لے جایا گیا ہے۔
فولیو نے واقعے کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں جس سے یہ واضح نہیں ہو سکا کہ جیٹ کے رن وے سے پھسلنے کی وجہ کیا تھی۔فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے ایک بیان میں کہا کہ وہ اس حادثے کی تحقیقات کر رہے ہیں، جس کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ اس میں لیئر جیٹ 35 اے طیارہ رن وے سے پھسل کر گلف سٹریم 200 جیٹ سے ٹکرایا۔امریکہ میں 12 دنوں کے اندر یہ چوتھا فضائی حادثہ ہے اور یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب امریکی فضائی تحفظ کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔ نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ کے تفتیش کار حالیہ ہفتوں میں تین مہلک حادثوں کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ایک حالیہ واقعہ 30 جنوری کو واشنگٹن ڈی سی میں پیش آیا تھا جس میں ایک مسافر طیارے اور یو ایس آرمی کے بلیک ہاک ہیلی کاپٹر کے تصادم کے نتیجے میں 67 افراد ہلاک ہوئے تھے۔