کیلیفورنیا، 26 ستمبر:(ایجنسیز)امریکہ میں ہوابازی ٹکنالوجی کے میدان میں ایک اہم تجربہ سامنے آیا ہے ، جہاں سنگل انجن سیسنا کاروان طیارہ نے بغیر پائلٹ کے آزمائشی پرواز کامیابی سے مکمل کرلی۔رپورٹ کے مطابق طیارے نے 7 ستمبر کو کیلیفورنیا سے پرواز شروع کی اور امریکہ کے مختلف علاقوں سے گزرتے ہوئے جملہ 3 ہزار 199 میل کا فاصلہ طے کیا۔ اس دوران طیارہ کو کسی پائلٹ کی راست معاونت حاصل نہیں تھی۔طیارے کی پرواز روٹ اور دیگر اہم مراحل کیلئے خودکار پروگرامنگ کا استعمال کیا گیا تھا۔ آزمائشی سفر کے دوران اسے مختلف مقامات پر روکا بھی گیا، جبکہ خودکار ہوابازی سسٹم نے پرواز سے متعلق حالات اور ممکنہ رکاوٹوں کی مسلسل نگرانی کی۔ ہوابازی کے اعلیٰ عہدیدار کے مطابق اس کامیاب تجربے کو مستقبل میں طیاروں کی خودکار پروازوں کیلئے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تجربہ ہوابازی صنعت میں ایک نئے دور کی ابتدائی جھلک پیش کرتا ہے۔
ماہرین کے مطابق خودکار طیاروں کی ٹکنالوجی کو مستقبل میں ایسے علاقوں تک رسائی کیلئے استعمال کیا جا سکتا ہے جہاں قدرتی آفات، ہنگامی حالات یا دیگر مشکلات کے باعث انسانی رسائی دشوار ہو۔ اسی طرح فوجی و امدادی کاموں میں ایسی ٹکنالوجی کے ممکنہ استعمال پر توجہ دی جا رہی ہے۔