برسلز۔24 مئی (یو این آئی) امریکہ میں بلجیم کی شہزادی الزبتھ کا تعلیمی سلسلہ منقطع ہونے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے ۔روئٹرز کے مطابق بلجیم کی 23 سالہ مستقبل کی ملکہ شہزادی الزبتھ نے حال ہی میں ہارورڈ یونیورسٹی میں اپنا پہلا سال مکمل کیا ہے ، لیکن امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی طرف سے وہاں پڑھنے والے غیر ملکی طلبہ پر عائد پابندی کی وجہ سے ان کی تعلیم کو خطرے میں ڈال سکتی ہے ۔ہارورڈ یونیورسٹی کے خلاف امریکی انتظامیہ کے اقدام کے بعد بلجیم کی شہزادی الزبتھ کا تعلیمی سلسلہ بھی دوسرے ہزاروں غیر ملکی طلبہ و طالبات کی طرح منقطع ہونے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے ۔صدر ٹرمپ کے حکم پر امریکی انتظامیہ نے ہارورڈ یونیورسٹی پر پابندی لگا دی ہے کہ وہ اب غیر ملکی طلبہ کو اپنے ہاں داخلے نہیں دے سکتی، ٹرمپ انتظامیہ کے اس انتہائی حکم کی وجہ سے پہلے سے موجود غیر ملکی طلبہ کا تعلیمی مستقبل بھی خطرے میں پڑ چکا ہے ، جن میں بلجیم کی شہزادی الزبتھ بھی شامل ہیں۔روئٹرز نے لکھا ہے کہ انتظامیہ کے حکم کی وجہ سے موجودہ غیر ملکی طلبہ یا تو دوسرے اسکولوں میں منتقل ہونے یا امریکہ میں اپنی قانونی حیثیت کھونے پر مجبور ہوں گے ، تاہم فی الوقت عدالت نے اس حکم کو عارضی طور پر روک دیا ہے۔