امریکہ میں زخمی ہندوستانی طالبہ کے والدین کو جلد ہی ویزا دیا جائے گا

   

نئی دہلی: وزارت خارجہ نے امریکہ میں سڑک حادثے میں زخمی ہونے والی ہندوستانی طالبہ نیلم شنڈے کے والدین کے لئے ویزا حاصل کرنے کے لئے مداخلت کی ہے اور انہیں جلد ہی ویزا دیا جائے گا۔ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ امریکہ میں ہندوستانی طالبہ کے معاملے میں وزارت خارجہ نے یہ معاملہ امریکی فریق کے ساتھ اٹھایا ہے ۔ امریکی فریق درخواست دہندگان کے اہل خانہ کے لیے ویزوں کے جلد اجراء کی رسمی کارروائیوں پر غور کر رہا ہے ۔مہاراشٹر کے ستارا ضلع کی رہنے والی نیلم (35) کی 14 فروری کو امریکہ میں ایک سڑک حادثے میں زخمی ہو گئی۔ انہیں کیلیفورنیا میں کار نے ٹکر مار دی جس کے بعد وہ اسپتال کے آئی سی یو میں داخل ہیں اور کومہ میں ہیں۔ پولیس نے اس حادثے کے ملزم ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے ۔نیلم کے والد تانا جی شنڈے کی اپیل کے بعد نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد پوار) کی رکن پارلیمنٹ سپریا سولے نے وزیر خارجہ ایس جے شنکر کو نیلم کے خاندان کی مدد کے لیے خط لکھا اور جے شنکر سے مدد کی درخواست کی گئی۔