امریکہ میں نیوکلیئر ترک اسلحہ پر کانفرنس کا آغاز

   

واشنگٹن۔ 3 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) دنیا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک بنانے کی سمت میں کام کرنے کیلئے امریکہ میں 2 روزہ کانفرنس کا آغاز ہوگیا ہے ۔امریکی وزارت خارجہ کی جانب سے منعقد اس کانفرنس میں 40سے زائد ممالک کے نمائندے حصہ لے رہے ہیں۔وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق دنیا کے 40 سے زائد ممالک کے جوہری عدم پھیلاؤ اور تخفیف اسلحہ کے ماہرین جوہری ترک اسلحہ کے اہداف کو حاصل کرنے کے لئے ایک ماحول بنانے پر اپنے اپنے خیالات کا اشتراک کریں گے ۔ریلیز کے مطابق یہ کانفرنس اس سمت میں ایک ابتدائی اجلاس ہے جس سے اس اہم مقصد کو حاصل کرنے کی بنیاد تیار ہوگی۔اس کانفرنس میں نیوکلیئر ہتھیار رکھنے والے ممالک اور جن ممالک کے پاس نیوکلیئر ہتھیار نہیں ہیں، ان کے علاوہ وہ ملک بھی حصہ لیں گے جنہوں نے نیوکلیئر عدم پھیلاؤ معاہدے پر دستخط نہیں کئے ہیں۔