امریکہ میں ٹک ٹاک کمپنی پر پابندی عائد

   

ٹک ٹاک کا قانونی چارہ جوئی کا اعلان

واشنگٹن ؍ بیجنگ: امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کرکے چین کی متنازعہ موبائل ایپ ٹک ٹاک کمپنی بائٹ ڈانس سے لین دین پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ یہ پابندی ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کرنے کے 45 دن بعد نافذ العمل ہوگی۔مسٹر ٹرمپ نے جمعرات کی دیر رات اس ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے ہیں۔اس ایگزیکٹو آرڈر کے مطابق امریکہ میں چین کی بائٹ ڈانس کمپنی اور اس سے منسلک دیگر کمپنیوں کے ساتھ کسی بھی قسم کے لین دین پر پابندی عائد کردی گئی ہے ۔ امریکہ میں اب کوئی بھی شخص یا کمپنی بائٹ ڈانس کے ساتھ کوئی لین دین نہیں کرپائے گی۔ دوسری طرف ٹک ٹاک کی انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ وہ امریکی صدر کے ایگزیکٹیو آرڈر کے خلاف امریکی عدالتوں میں قانونی چارہ جوئی کرے گی۔دوسری جانب ٹک ٹاک اور وی چیٹ پر پابندی کے بعد چین نے امریکہ پر ’سیاسی دباؤ‘ ڈالنے کا الزام لگایا ہے۔میڈیا کے مطابق بیجنگ نے امریکہ پر سیاسی مداخلت، اثرانداز ہونے اور دباؤ کے حربے استعمال کرنے کا الزام لگایا ہے۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ بین کا کہنا ہے کہ امریکہ اپنی قومی طاقت کا غلط استعمال کر رہا ہے اور بلاجواز غیر امریکی کمپنیوں پر دباؤ ڈال رہا ہے۔