امریکہ نے 4بحری جہاز غزہ روانہ کردیئے

   

واشنگٹن : امریکہ وزارت دفاع پینٹاگون نے کہا ہے کہ 4 بحری جہاز غزّہ کی طرف روانہ کر دیئے گئے ہیں۔ یہ بحری جہاز، اسرائیل کے زیر محاصرہ غزّہ میں بھوک اور غذائی قلّت کے شکار فلسطینی عوام کی غذائی ضروریات تک رسائی کی خاطر ،موبائل بندرگاہوں کا کام کریں گے۔پینٹاگون کے ترجمان بریگیڈیئر پیٹرک رائڈر نے معمول کی پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ غزہ میں انسانی امداد کے آپریشنوں اور مشرقی بحیرہ روم میں عارضی جیٹی کی تعمیر کے مشن سے تعاون کے لئے پینٹاگون نے 4 بحری جہاز روانہ کر دیئے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ امریکہ کی طرف سے، ریاست ورجینیا کی لینگلی۔یوستیس مشترکہ فوجی بیس سے روانہ کئے گئے 4 عسکری بحری جہاز غزّہ کے شمال میں ایمفیبک عسکری موبائل بندرگاہوں کے فرائض سرانجام دیں گے اور بھاری سامان کو ساحل تک پہنچانے اور یہاں سے خشکی پر اتارنے میں آسانی لائیں گے۔رائڈر نے کہا ہے کہ امریکہ مسلح افواج کے ‘ایس پی 4 لیمس اے لوکس’، ‘مونٹیری’، ‘ماٹامورس’ اور ‘ولسن راف’ نامی بحری جہاز مذکورہ فرائض کی انجام دہی کے لئے ضروری سامان کے ساتھ علی الصبح امریکہ سے روانہ ہو گئے ہیں۔پیٹرک رائڈر نے کہا ہے کہ مذکورہ بحری جہازوں کے علاقے میں پہنچنے اور موبائل بندرگاہیں لگانے میں کْل 60 دن لگیں گے۔ موبائل جیٹی کے پوری صلاحیت سے کام شروع کرنے کی صورت میں یومیہ تقریباً 2 ملین غذائی خوراکیں علاقے میں پہنچائی جا سکیں گی۔