ماسکو۔ روسی میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکہ، جنگ زدہ ملک یوکرین بھیجنے کے لیے داعش کے جنگجووں کو بھرتی کر رہا ہے۔ ایک روسی خبر رساں ایجنسی اسپوتنک نے ایک باخبر ذریعہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ امریکہ کی خفیہ ایجنسی سی آئی اے، دہشت گرد گروہ داعش کو یوکرین بھیجنے کے لیے بھرتی کر رہی ہے۔ فارس نیوز ایجنسی کے مطابق اسپوتنک خبر رساں ایجنسی نے گزشتہ روز ایک ذریعہ کے حوالے سے لکھا ہے کہ امریکی سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) داعش کے عناصر کو یوکرین بھیجنے کے لیے بھرتی کر رہی ہے۔ موصولہ رپورٹ کے مطابق ایک خفیہ ذریعہ نے اسپوتنک نیوز کو بتایا کہ سی آئی اے شام کے شمال مشرقی علاقہ میں شامی کردوں کے زیر کنٹرول جیلوں اور کیمپوں میں داعش کے قیدیوں کو فعال طور پر بھرتی کر رہی ہے۔ امریکی مزید تحقیقات کے بہانے دہشت گردوں کو اپنے ٹھکانوں اور تنصیبات میں منتقل کر رہے ہیں۔