ممنوعہ فہرست میں شامل اراضیات اور جائیدادوں کی یکسوئی کا آغاز

   

وزیر مال سرینواس ریڈی کی ٹیلی کانفرنس ، عوام کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں

حیدرآباد :19 اگست ( سیاست نیوز) وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ رجسٹریشن ایکٹ کے سیکشن 22/A نے ممنوعہ فہرست کے تحت شامل کی گئی اراضیات اور جائیدادوں کے تنازعات کی یکسوئی کا آغاز ہوچکا ہے ۔ اراضیات کی ملکیت کے بارے میں داخل کی گئی کئی درخواستوں کی آج یکسوئی کردی گئی اور رجسٹریشن کا عمل مکمل کیا گیا ۔ سرینواس ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ درخواستوں کی عاجلانہ یکسوئی کرتے ہوئے رجسٹریشن کی راہ میں تیزی پیدا کریں ۔ کھمم کے دورہ پر موجود وزیر مال نے آج اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ درخواستوں کی یکسوئی کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ عہدیداروں کو ہر کیس کی تفصیلی جانچ کرتے ہوئے رجسٹریشن میں سہولت فراہم کرنی چاہیئے ۔ سکریٹری ریونیو لوکیش کمار ، اسٹامپ اینڈ رجسٹریشن کے کمشنر راجیو گاندھی ہنمنت کے علاوہ حیدرآباد ، رنگاریڈی ، ملکاجگری اور سنگاریڈی کے ضلع کلکٹرس نے ٹیلی کانفرنس میں حصہ لیا ۔ وزیر مال نے کہا کہ ضلع کلکٹرس کو چاہیئے کہ سب رجسٹرار عہدیداروں کو تنازعات کی عاجلانہ یکسوئی کی ہدایت دیں ۔انہوں نے کہا کہ حیدرآباد اور اطراف کے چار اضلاع میں زیادہ تر شکایات موصول ہوئی ہیں ، خانگی جائیدادیں اور اراضیات کو ممنوعہ فہرست میں شامل کردیا گیا جس سے عوام میں بے چینی پائی جاتی ہے ۔ حکومت نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ دستاویزات کی جانچ کرتے ہوئے درخواستوں کی یکسوئی کریں اور خانگی اراضیات اور جائیدادوں کو ممنوعہ فہرست سے حذف کیا جائے ۔ وزیر مال نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی اراضیات اور جائیدادوں کے بارے میں تشویش میں مبتلا نہ ہو کیونکہ حکومت اُن کی جائیدادیں اور اراضیات کے حقوق کا تحفظ کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اراضیات اور جائیدادوں کے بارے میں کلیرنس ملتے ہی فوری طور پر رجسٹریشن کا عمل شروع کیا جائے گا ۔ اسی دوران کوکٹ پلی ، بالا نگر اور دیگر رجسٹرار دفاتر میں عوام نے حکومت کی جانب سے درخواستوں کی فوری یکسوئی پر حکومت سے اظہار تشکر کیا ۔ 1/S