شادی مبارک اور کلیان لکشمی اسکیمات پرآج ہائیکورٹ میں اہم سماعت

   

حیدرآباد :19 اگست ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائیکورٹ نے حکومت کی شادی مبارک اور کلیان لکشمی اسکیمات کے خلاف دائر کی گئی درخواستوں کی سماعت کے دوران اہم ریمارکس کئے ہیں ۔ عدالت نے حکومت سے سوال کیا کہ قانون سازی کے بغیر صرف سرکاری احکامات کی بنیاد پر مفت امداد کی اسکیمات پر کس طرح بھاری رقومات خرچ کی جارہی ہے ۔ عدالت نے کہا کہ حکومت کے ایسے ادارہ جو خسارے میں ہیں انہیں منافع بخش ادارہ میں تبدیل کرتے ہوئے اضافی آمدنی کو مفت امدادی اسکیمات پر خرچ کیا جاسکتا ہے ۔ عدالت نے کہا کہ مختلف پراجکٹس کیلئے اراضیات کے حصول کے متاثرین انصاف کیلئے برسوں سے عدالتوں کے چکر کاٹ رہے ہیں ۔ مفت امدادی اسکیمات کیلئے رقومات جاری کرنے کے موقع پر حکومت کو اراضی سے محروم افراد کے بارے میں سونچنا چاہیئے ، عدالت نے حکومت کو اس سلسلہ میں کل جمعرات تک جواب داخل کرنے کی ہدایت دی ۔ واضح رہے کہ کلیان لکشمی اور شادی مبارک اسکیمات پر قانون سازی کے بغیر عمل آوری کی شکایت کرتے ہوئے ہائیکورٹ میں درخواست داخل کی گئی ۔ عدالت نے اس سلسلہ میں حکم التواء جاری کیا اور اس معاملہ کی جمعرات کو اہم سماعت ہوگی ۔ 1/S

سابق رکن اسمبلی کانتا راؤ کیخلاف مقدمہ کو ہائیکورٹ نے کالعدم کردیا
حیدرآباد : 19 اگست ( سیاست نیوز) سابق رکن اسمبلی آر کانتا راؤ کو تلنگانہ ہائیکورٹ سے اس وقت راحت ملی جب عدالت نے اُن کے خلاف پنجہ گٹہ پولیس اسٹیشن میں درج کئے گئے مقدمہ کو کالعدم کردیا ۔ پولیس نے جنسی ہراسانی کے الزامات کے تحت سابق رکن اسمبلی کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا ۔ مقدمہ کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے سابق رکن اسمبلی ہائیکورٹ سے رجوع ہوئے ۔ عدالت نے سابق رکن اسمبلی کے موقف سے اتفاق کیا اور پولیس کی جانب سے درج ایف آئی آر کو کالعدم کردیا ۔ بعد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سابق رکن اسمبلی نے کہا کہ مقدمہ کے سلسلہ میں پولیس نے انہیں گرفتار نہیں کیا اور وہ حیدرآباد میں موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ہائیکورٹ سے انہیں انصاف ملا ہے ، کانتا راؤ نے بتایا کہ اُن کے امیج کو متاثر کرنے کیلئے گرفتاری گمراہ کن خبریں پھیلائی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ آخر کار انہیں ہائیکورٹ سے انصاف ملا ہے اور مقدمہ کے سلسلہ میں بڑی راحت ملی ۔1/S