امریکہ کا افغانستان میں تشدد میں کمی کا مطالبہ

   

کابل۔ 21 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام )امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمت زلمے خلیل زاد نے طالبان سے کہا ہے کہ وہ افغانستان میں تشدد میں کمی لائیں۔ معصوم افغان شہری طویل عرصے سے اس جنگ کی بھاری قیمت ادا کرتے آ رہے ہیں۔وہ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں طالبان کے نائب سربراہ ملا عبدالغنی برادر سے بات چیت کے بعد بدھ کو کابل پہنچے ہیں۔ انہوں نے افغان صدر اشرف غنی اور اعلیٰ مفاہمتی کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ سے ملاقات بھی کی۔خلیل زاد نے ایک ایسے وقت میں طالبان کے نمائندوں اور افغان سیاسی قیادت سے ملاقات کی ہے جب افغانستان میں پرتشدد واقعات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ جسے افغان امن عمل کی راہ میں رکاوٹ قرار دیا جا رہا ہے۔خلیل زاد نے اپنی متعدد ٹوئٹس میں طالبان رہنماؤں سے ملاقات کو تعمیری قرار دیا۔