امریکہ کو ہند۔پاک دیرینہتنازعات حل ہونے کی امید

   

واشنگٹن، 23 مئی (یو این آئی) امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے کہا ہے کہ یہ بات امید افزا ہے کہ امریکی شمولیت اور معاونت کے سبب پاکستان اور ہندوستان کے درمیان جنگ بندی ہوئی۔ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ یہ بات دنیا کے مشاہدے میں آئی کہ دیرینہ مسائل حل نہیں ہوئے ہیں تاہم دونوں ملکوں کے درمیان دیرینہ تنازعات حل ہونے کا امکان پھر سے پیدا ہواہے اوریہ دونوں ملکوں کیلئے موقع ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ بات امید افزا ہے کہ امریکی شمولیت اور معاونت کے سبب پاکستان اور ہندوستان کے درمیان جنگ بندی ہوئی ، اچھی خبر یہ ہے کہ حریف جنگ بندی جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہیں۔

انڈونیشیا :زلزلے کے شدید جھٹکے
جکارتہ، 23 مئی (یو این آئی) انڈونیشیا کے مغربی بنگکولو شہر میں جمعہ کو زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ ملک کی موسمیات اور جیو فزکس ایجنسی نے بتایا کہ جکارتہ کے وقت کے مطابق صبح 02:52 پر آنے والے زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.0تھی۔ زلزلے کا مرکز بنگکولو شہر سے 47 کلومیٹر جنوب مغرب میں، سطح سمندر سے 84 کلومیٹر کی گہرائی میں واقع تھا۔ سونامی کی وارننگ جاری نہیں کی گئی۔ زلزلے سے بڑی لہریں پیدا ہونے کی توقع نہیں تھی۔ زلزلے سے متعدد افراد زخمی اور کچھ مکانات کو نقصان پہنچا۔