امریکہ کی عقل گھاس چرنے گئی ہے : ترکیہ

   

انقرہ : ترکیہ کے صدر رجب طیب اردغان نے اسرائیل کے وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو کے امریکی کانگریس سے خطاب اور پرجوش پذیرائی کے خلاف ردعمل کا اظہار کیا اور کہا ہے کہ یہ منظر انسانیت کے نام پر باعثِ شرمندگی و ندامت ہے”۔صدر اردغان نے ضلع ریزے میں سول سوسائٹی تنظیموں اور سیکٹر کے نمائندوں سے خطاب کیا ہے۔خطاب میں انہوں نے امریکی کانگریس میں نیتن یاہوکے پْر جوش استقبال اور خطاب پر ایک دفعہ پھر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ امریکہ کے ایوان نمائندگان کے ان شرمناک مناظر کو ہم سب نے دیکھا۔ سچ کہا جائے تو یہ مناظر انسانیت کے نام پر باعثِ شرمندگی ہیں۔ خیموں میں سوئے بچوں پر بمباری، ہسپتالوں میں انکیوبیٹروں میں پڑے بچوں کے قتل نے حقیقی معنوں میں ہمیں شرمندہ کر دیا ہے۔ نیتن یاہو جیسے شخص کا سْرخ قالین بچھا کر استقبال کرنا اور اس کے لئے ہاتھ سْوجنے تک تالیاں بجانا صاف ظاہر کرتا ہے کہ امریکہ کی عقل گھاس چرنے گئی ہے۔سیاسی پارٹیوں کے حکومت سے فلسطین کے صدر محمود عباس کو ترکیہ مدعو کرنے اور اسمبلی سے خطاب کا موقع دینے کی طلب کا ذکر کرتے ہوئے صدر اردغان نے کہا ہے کہ عباس مدعو کئے جانے کے باوجود ترکیہ نہیں آئے اس پر انہیں معذرت کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا ہے کہ وہ آئیں یا نہ آئیں۔ ہم فلسطینی بھائیوں اور فلسطینی عوام کے نام پر وہ سب کچھ کہہ رہے ہیں جو کہنا ضروری ہے۔