لکھنؤ، 24 جون: (ایجنسیز) لکھنؤ میں ایک کوچنگ سنٹر میں آتشزدگی کے واقعے کے بعد اتر پردیش حکومت نے ریاست بھر میں کوچنگ مراکز کی جانچ کا عمل تیز کر دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی ہدایت پر مختلف اضلاع میں پولیس، ضلعی انتظامیہ، فائر سیفٹی اور الیکٹریکل سیفٹی محکموں کی مشترکہ ٹیمیں کوچنگ سنٹرز کا معائنہ کر رہی ہیں۔حکام کے مطابق حفاظتی اصولوں کی خلاف ورزی اور ضروری منظوریوں کی عدم موجودگی پر اب تک ریاست بھر میں 100 سے زائد کوچنگ مراکز کو مہربندکیا جا چکا ہے۔ یہ کارروائیاں لکھنؤ، پریاگ راج، کانپور، گورکھپور، میرٹھ، آگرہ، وارانسی اور دیگر اضلاع میں جاری ہیں۔ پریاگ راج میں واقع خان گلوبل اسٹڈیز کوچنگ سنٹر کو بھی انتظامیہ نے سیل کر دیا ہے۔ فائر سیفٹی محکمے کی جانچ کے دوران متعدد سنگین خامیاں سامنے آئیں، جس کے بعد متعلقہ ادارے کے خلاف کارروائی کی گئی۔پریاگ راج کے چیف فائر آفیسر چندر موہن شرما کے مطابق شہر کے 97 رجسٹرڈ کوچنگ مراکز میں سے صرف 15 کے پاس فائر این او سی موجود ہے۔ فائر سیفٹی کی جانچ کے لیے 10 خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ہدایت دی ہے کہ تہہ خانوں میں چلنے والے کوچنگ سنٹرز اور دیگر عوامی اداروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو حفاظتی ضوابط پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔جانچ کے دوران آگ بجھانے کے آلات، ایمرجنسی ایگزٹ، عمارت کے نقشے، برقی نظام اور دیگر حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔کانپور کے معروف تعلیمی علاقے کاکادیو میں انتظامیہ نے 30 سے زائد کوچنگ مراکز کو سیل کر دیا۔