امریکہ کے خصوصی قاصد برائے ایران برائن ہک کا مستعفی ہونے کا اعلان

   

واشنگٹن: امریکہ کے خصوصی قاصد برائے ایران برائن ہک نے اپنی سفارتی ذمے داریوں سے سبکدوش ہونے کا اعلان کردیا ہے۔انھوں نے جمعرات کے روز نیویارک ٹائمز سے ایک انٹرویو میں اس امر کی تصدیق کی ہے کہ وہ اپنے عہدہ سے دستبردار ہو رہے ہیں۔توقع ہے کہ اب ان کی جگہ ایلیٹ ابرامس کو امریکہ کا خصوصی ایلچی برائے ایران مقرر کیا جائے گا۔ وہ اس وقت وینزویلا کے لیے محکمہ خارجہ کے خصوصی نمائندے ہیں۔برائن ہْک نے انٹرویو میں کہا کہ’’بعض اوقات تو یہ ایک سفر ہوتا ہے اور بعض اوقات ایک منزل ہوتی ہے۔ایران کے بارے میں ہماری حکمتِ عملی کے ضمن میں یہ دونوں باتیں ہیں۔ہم ایرانی نظام کے ساتھ ایک نئی ڈیل چاہتے ہیں مگر اس دوران میں ہمارے دباؤ نے ان کی معیشت کا دھڑن تختہ کردیا ہے۔‘‘برائن ہْک کو 2017ء میں ایران کے لیے امریکہ کا خصوصی مقاصد مقرر کیا گیا تھا۔انھوں نے اس عرصے میں اپنی اور امریکہ کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’’اگر کم وبیش ہرپہلو سے دیکھا جائے تو ایرانی نظام اور اس کی آلہ کار دہشت گرد ملیشیاؤں اب ساڑھے تین سال پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ کم زور ہوچکی ہیں۔‘‘ان کا کہنا تھا:’’ ڈیل یا کسی ڈیل کے بغیر بھی، ہم بہت کامیاب رہے ہیں۔‘‘امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے برائن ہْک کی سبکدوشی پر ان کی محکمہ خارجہ اور صدر ڈونالڈٹرمپ کی انتظامیہ کے لیے خصوصی ایلچی کی حیثیت سے خدمات کو سراہا ہے اور کہا ہے کہ وہ اب نجی شعبے میں جارہے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ مسٹر ہْک ان کی قیادت میں محکمہ خارجہ کی ٹیم کے ایک قابل قدر رکن رہے ہیں۔