واشنگٹن : امریکہ نے لبنان کی سکیورٹی فورسز اور پولیس کی تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے 7کروڑ 20 لاکھ ڈالر امداد کا اعلان کیا ہے۔ مذکورہ امداد اقوام متحدہ کے ساتھ مشترکہ پروگرام کے تحت دی جائے گی۔لبنان کی معیشت گذشتہ تین سال مسلسل بحران اور گراوٹ کا شکار ہے جس کے سبب فوجی بجٹ میں کمی کی گئی ہے۔ امریکہ لبنان کی فوج کا کافی عرصے سے سب سے بڑا ڈونر ہے۔ اس نے اقوام متحدہ کے ادارے یو این ڈی پی کے ساتھ اپنی نوعیت کی پہلی امریکی امداد کی ڈیلیوری کیلئے اشتراک کیا ہے۔یو این ڈی پی اور بیروت میں امریکی سفارتخانے کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیے کے مطابق پروگرام کے تحت سات کروڑ 20 لاکھ ڈالر لبنان کی سکیورٹی فورسز اور انٹرنیشنل سکیورٹی فورسز کے اہلکارں کی تنخواہوں کے لیے دی جائے گی۔بیان کے مطابق یو این ڈی پی مذکورہ رقم سروس فراہم کرنے والے مقامی ادارے کے تعاون سے تقسیم کرے گا۔’پروگرام کے تحت ہر فوجی اور پولیس آفیسر کو امریکی قانون کے مطابق 100 ڈالر ماہانہ چھ ماہ تک ادا کیے جائیں گے۔‘لبنان میں امریکی سفیر ڈوروتھی شیا کا کہنا ہے کہ ’یہ پہلی مرتبہ ہے کہ امریکہ نے لبنان کو اس قسم کی امداد فراہم کی ہے۔‘اس وقت لبنان میں چھوٹے رینک کے فوجی اہلکار کی تنخواہ 50 امریکی ڈالر کے برابر ہے جو کہ 2019 سے جاری مالی بحران سے قبل 800 امریکی ڈالر کے برابر تھی۔قطر نے گذشتہ برس بحران کی شکار لبنانی فوج کیلئے چھ کروڑ ڈالر امداد کا اعلان کیا تھا۔